logo logo
AI Search

دارین نام رکھنا اور اس کا مطلب؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

بیٹی کا نام دارین رکھنا

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا بیٹی کا نام دارین رکھنا ٹھیک ہے اور اس کا مطلب کیا ہے ؟

جواب

دارین، دار کی تثنیہ ہے، اور دار کامعنی ہے "گھر" تو "دارین" کا معنی ہوا: "دو گھر، نیز دنیا اور آخرت کو بھی دارین کہتے ہیں۔" تو یہ نام اگرچہ جائز ہے، مگر بہتر یہ ہے کہ بیٹی کا نام، نبی پاک صلی اللہ علیہ و الہ وسلم کی ازواج مطہرات یا حضور سید عالم صلی اللہ علیہ و الہ و سلم کی شہزادیوں یا دیگر صحابیات رضی اللہ تعالی عنہن ، یا دیگر صالحات (نیک و پارسا خواتین) کے ناموں پر رکھا جائے، کہ حدیث پاک میں اچھے لوگوں کے نام پر نام رکھنے کی ترغیب ارشاد فرمائی گئی ہے، نیز اس سے ان شاء اللہ عزوجل ان کی برکتیں نصیب ہوں گی۔

دار کا معنی بیان کرتے ہوئے القاموس الوحید میں ہے: ”الدار: صحن دارمکان، گھر، رہائشی مکان۔“ (القاموس الوحید، صفحہ 553، مطبوعہ: لاہور)

دارین کا ایک معنی بیان کرتے ہوئے المنجد میں ہے: ”الداران: دنیاوآخرت۔“ (المنجد، صفحہ 255، مطبوعہ: لاہور)

الفردوس بماثور الخطاب میں ہے: ”تسموا بخياركم“ ترجمہ: اچھوں کے نام پر نام رکھو۔ (الفردوس بماثور الخطاب، جلد 2، صفحہ 58، حدیث 2328، دار الكتب العلمية، بيروت)

صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ”بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں، جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں، ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ و السلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے، امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شاملِ حال ہو۔“ (بہار شریعت، جلد 3، حصہ 15، صفحہ356، مکتبۃ المدینۃ، کراچی)

نوٹ: ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لیے دعوتِ اسلامی کے مکتبۃ المدینہ کی کتاب ”نام رکھنے کے احکام“ پڑھیں۔ اس میں بچوں اور بچیوں کے بہت سے اسلامی نام بھی لکھے ہوئے ہیں، وہاں سے دیکھ کر کوئی سا بھی اچھا نام رکھا جا سکتا ہے۔ نیچے دئے گئے لنک سے یہ کتاب ڈاؤن لوڈ بھی کی جا سکتی ہے۔

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا ذاکر حسین عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4927
تاریخ اجراء:02 ذو القعدۃ الحرام 1447ھ/20 اپریل 2026ء