سعد اللہ نام رکھنا کیسا نیز اسکا مطلب؟
بسم اللہ الرحمن الرحیم
سعد اللہ نام رکھنا
دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
سعد اللہ نام رکھنا کیسا؟
جواب
سعد اللہ نام رکھنا، جائز ہے کہ سعد کا معنی ہے: "نیک۔ مبارک۔" تو سعد اللہ کامعنی ہوا: "اللہ تعالی کا نیک اور مبارک بندہ۔" البتہ! بہتر ہے کہ صرف سعد نام رکھ لیاجائے کہ سعد عظیم صحابی رسول صلی اللہ تعالی علیہ و آلہ و سلم، حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کا نام ہے، جو ان دس صحابہ کرام علیہم الرضوان میں سے ہیں، جنہیں رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ و آلہ و سلم نے جنت کی بشارت عطا فرمائی تھی۔ اور حدیث پاک میں اچھوں کے نام پر نام رکھنے ہی کی ترغیب ارشاد فرمائی گئی ہے۔
فیروز اللغات میں ہے سعد۔ ۔ ۔ (1) مبارک (2) نیک (فیروز اللغات، صفحہ 845،فیروز سنز، لاہور)
حضرت سعد بن ابی وقاص کے متعلق عمدۃ القاری میں ہے "سعد بن أبي وقاص الزهري أحد العشرة" ترجمہ: سعد بن ابی وقاص رضی اللہ تعالی عنہ (جنت کی بشارت دیے گئے) دس صحابہ میں سے ایک ہیں۔ (عمدۃ القاری، جلد 16، صفحہ 227، مطبوعہ: بیروت)
نیکوں کے نام پر نام رکھنے کی ترغیب:
الفردوس بماثور الخطاب میں ہے "تسموا بخياركم" ترجمہ: اچھوں کے نام پر نام رکھو۔ (الفردوس بماثور الخطاب، جلد 2، صفحہ 58، حدیث 2328، دار الكتب العلمية، بيروت)
امام اہلسنت، امام احمد رضا خان قادری رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں: حدیث سے ثابت کہ محبوبانِ خدا، انبیاء و اولیاء علیہم الصلٰوۃ و الثناء کے اسمائے طیبہ پرنام رکھنا مستحب ہے جبکہ ان کے مخصوصات سے نہ ہو (فتاوی رضویہ، ج 24، ص 685، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)
صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں، جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں، ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے، امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شاملِ حال ہو۔ (بہار شریعت، جلد 3، حصہ 15، صفحہ 356، مکتبۃ المدینہ، کراچی)
نوٹ: ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات اور بچوں اور بچیوں کے اسلامی نام حاصل کرنے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی جاری کردہ کتاب ''نام رکھنے کے احکام'' کا مطالعہ کیجئے۔ دئیے گئے لنک سے آپ اس کتاب کو ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا عبد الرب شاکر عطاری مدنی فتوی نمبر: WAT-5147 تاریخ اجراء: 17 محرم الحرام 1448ھ / 03 جولائی 2026ء