شرارتی بچوں کو حرامی کہنا کیسا؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
شرارتی بچوں کو حرامی کہنے کا حکم
دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
اکثر بچے شرارتیں بہت کرتے ہیں اور ان کے بڑے ان کو کہتے ہیں تو بہت بڑا حرامی ہے یہ کہنا کیسا ؟
جواب
حرامی کا لفظ بہت سخت گالی ہے، اور بلا وجہ شرعی کسی مسلمان کو گالی دینا، ناجائز وحرام اور گناہ ہے، نیز اس طرح کے الفاظ دل آزاری کا سبب بھی بنتے ہیں، اور بلاوجہ شرعی کسی مسلمان کو ایذا دینا حرام ہے، لہذا شرارتی بچوں کو حرامی، یا بہت بڑا حرامی کہنا ناجائز و گناہ ہے۔
بہار شریعت میں ہے "حرامی کا لفظ بھی بہت سخت گالی ہے اور حرام زادہ کے معنی میں ہے اس کا بھی حکم تعزیر ہونا چاہیے۔" (بہار شریعت، ج 2، حصہ 9، ص 409، مکتبۃ المدینہ)
گالی دینے کے متعلق صحیح بخاری شریف میں ہے ”أن النبي صلى اللہ عليه و سلم قال: سباب المسلم فسوق“ ترجمہ: نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ و آلہ و سلم نے ارشاد فرمایا: مسلمان کو گالی دینا گناہ ہے۔ (صحيح البخاري، کتاب الایمان، ص 25، رقم الحديث 48، دار الکتب العلمیۃ، بیروت)
مرقاۃ المفاتیح میں ہے ”أي: شتمه۔۔۔ لأن شتمه بغير حق حرام۔ قال الأكمل: الفسوق۔۔۔شرعا هو الخروج عن الطاعة“ ترجمہ: (سباب سے مراد) گالی دینا ہے، کیونکہ مسلمان کو ناحق گالی دینا حرام ہے۔ اور اکمل نے کہا کہ فسوق کا شرعی معنی اللہ پاک کی اطاعت سے نکلنا ہے ۔ (مرقاۃ المفاتیح، کتاب الآداب، باب حفظ اللسان والغیبۃ والشتم، جلد 09، صفحہ 54، مطبوعہ:کوئٹہ)
سیدی اعلی حضرت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن فتاوٰی رضویہ میں ارشاد فرماتے ہیں: ”کسی مسلمان جاہل کو بھی بے اذن شرعی گالی دیناحرام قطعی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم فرماتے ہیں:سباب المسلم فسوق ۔“ (فتاوٰی رضویہ، ج 21، ص 128، 127، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)
بلا وجہ شرعی کسی کو گالی دینا کیسا اس کے متعلق فتاوٰی رضویہ میں ہے "کسی مسلمان کو بلاوجہ شرعی ایذا دینا حرام ہے اور گالی دینا سخت حرام ہے اور بعض گالیاں تو کسی وقت حلال نہیں ہو سکتی اور ان کا دینے والا سخت فاسق اور سلطنت اسلامیہ میں اسی (80) کوڑوں کا مستحق ہو تا ہے، ان سے ہلکی گالی بھی بلاوجہ شرعی حرام ہے۔ " (فتاوٰی رضویہ، ج 6، ص 538، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
مجیب: ابو شاہد مولانا محمد ماجد علی مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-5168
تاریخ اجراء: 14 محرم الحرام 1448ھ/30 جون 2026ء