
دار الافتاء اہلسنت(دعوت اسلامی)
سوال
جس کا نام عبد المعز ہو، اس کو صرف معز کہنا کیسا ہے؟
جواب
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
جائز ہے کہ معز نام اللہ سبحانہ و تعالیٰ کے ساتھ خاص نہیں۔ ہاں! اللہ تعالیٰ کے ناموں میں سے جونام اس کے ساتھ خاص ہومثلاً رحمٰن، قدوس، قیوم وغیرہ، ان میں سےجب کوئی نام انسان کے لیے رکھا جائے، تو اس کی طرف لفظ ِعبد کی اضافت کرنا یعنی ان کے شروع میں عبد لگانا ضروری ہوتا ہے اورایسے نام (جو اللہ تعالیٰ کے ساتھ خاص ہیں) عبد کی اضافت کے بغیر کسی انسان کے لیے استعمال کرنا، ناجائز ہے۔
فتاویٰ مصطفویہ میں ہے: ”بعض اسماء الٰہیہ جو اللہ عزو جل کے لیےمخصوص ہیں جیسے اللہ، قدوس، رحمٰن، قیوم وغیرہ انہیں کا اطلاق غیر پر کفر ہے ، ان اسماء کا نہیں، جو اس کے ساتھ مخصوص نہیں جیسے عزیز، رحیم، کریم، عظیم، علیم، حی و غیرہ۔ بعض وہ ہیں جن کا اطلاق مختلف فیہ ہے، جیسے قدیر، مقتدر و غیرہ۔“ (فتاویٰ مصطفویہ، صفحہ 90، مطبوعہ شبیر برادرز، لاھور)
بہارِ شریعت میں ہے: ”بعض اسماء الٰہیہ جن کا اطلاق غیراﷲ پر جائز ہے، ان کے ساتھ نام رکھنا جائز ہے، جیسے علی، رشید، کبیر، بدیع ، کیونکہ بندوں کے ناموں میں وہ معنیٰ مراد نہیں ہیں جن کا ارادہ اﷲتعالیٰ پر اطلاق کرنے میں ہوتا ہے اور ان ناموں میں الف و لام ملا کر بھی نام رکھنا جائز ہے، مثلاً العلی، الرشید۔ ہاں اس زمانہ میں چونکہ عوام میں ناموں کی تصغیر کرنے کا بکثرت رواج ہوگیا ہے، لہٰذا جہاں ایسا گمان ہو ایسے نام سے بچنا ہی مناسب ہے۔ خصوصاً جبکہ اسماء الٰہیہ کے ساتھ عبد کا لفظ ملا کر نام رکھا گیا، مثلاً عبد الرحیم، عبد الکریم، عبدالعزیز کہ یہاں مضاف الیہ سے مراد اﷲ تعالیٰ ہے اور ایسی صورت میں تصغیر اگر قصداً ہوتی تو معاذاﷲکفر ہوتی، کیونکہ یہ اس شخص کی تصغیر نہیں بلکہ معبود برحق کی تصغیر ہے مگر عوام اور ناواقفوں کا یہ مقصد یقیناً نہیں ہے، اسی لیے وہ حکم نہیں دیا جائے گا بلکہ اُن کو سمجھایا اور بتایا جائے اور ایسے موقع پر ایسے نام ہی نہ رکھے جائیں جہاں یہ احتمال ہو۔“ (بہار شریعت، جلد 3، حصہ 16، صفحہ 602، مکتبۃ المدینہ، کراچی)
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا جمیل احمد غوری عطاری مدنی
فتوی نمبر: Web-2097
تاریخ اجراء: 05 رجب المرجب 1446 ھ/ 06 جنوری 2025 ء