logo logo
AI Search

محمد نواز نام رکھنا کیسا نیز اسکا مطلب؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

محمد نواز نام رکھنا

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

محمد نواز نام رکھنا کیسا ہے؟

جواب

محمد نواز نام رکھنا جائز ہے، شرعاً اس میں کوئی حرج نہیں۔ نواز کا معنی ہے: بخشنے والا، عطا کرنے والا، سرفراز کرنے والا وغیرہ۔ البتہ! یہ یاد رہے کہ احادیث مبارکہ میں نام محمد کی فضیلت و ترغیب آئی ہے اور ظاہر یہ ہے کہ یہ فضیلت تنہا محمد نام رکھنے کی ہے لہذا بہتر یہ ہے کہ اولاً بیٹے کا نام صرف محمد رکھا جائے اور پھر پکارنے کے لیے نواز وغیرہ رکھ لیا جائے۔

ریختہ ڈکشنری میں ہے نواز: سرفراز کرنے والا نیز نوازنے والا، بخشنے والا، عطا کرنے والا، دینے والا۔

کنز العمال میں روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا:

من ولد له مولود ذكر فسماه محمدا حبا لي و تبركا باسمي كان هو و مولوده في الجنة

ترجمہ: جس کے ہاں بیٹا پیدا ہو اور وہ میری محبت اور میرے نام سے برکت حاصل کرنے کے لئے اس کا نام محمد رکھے تو وہ اور اس کا بیٹا دونوں جنت میں جائیں گے۔ (کنز العمال، جلد 16، صفحہ 422، حدیث: 45223، مؤسسة الرسالة، بیروت)

رد المحتار میں مذکورہ حدیث کے تحت ہے

قال السيوطي: هذا أمثل حديث ورد في هذا الباب و إسناده حسن

ترجمہ: علامہ جلال الدین سیوطی علیہ الرحمہ نے فرمایا: جتنی بھی احادیث اس باب میں وارد ہوئیں، یہ حدیث ان سب میں بہتر ہے اور اس کی سند حسن ہے۔ (رد المحتار علی الدر المختار، کتاب الحظر و الاباحۃ، جلد 9، صفحہ 688، مطبوعہ: کوئٹہ)

فتاوی رضویہ میں ہے بہتر یہ ہے کہ صرف محمد یا احمد نام رکھے اس کے ساتھ جان وغیرہ اور کوئی لفظ نہ ملائے کہ فضائل تنہا انھیں اسمائے مبارَکہ کے وارِد ہوئے ہیں۔ (فتاوی رضویہ، جلد 24، صفحہ 691، رضا فاؤنڈیشن، لاھور)

الفردوس بماثور الخطاب میں ہے

تسموا بخياركم

ترجمہ: اپنے اچھوں کے نام پر نام رکھو۔ (الفردوس بماثور الخطاب، جلد2، صفحہ 58، حدیث: 2328، دار الكتب العلمية، بيروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مفتی محمد سجاد عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4682
تاریخ اجراء: 08شعبان المعظم1447ھ/28جنوری2026ء