logo logo
AI Search

سنتوں کی اقسام اور انکے احکام کیا ہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سنتوں کی اقسام اور ان کے احکام

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہر سنت پر عمل کرنا ضروری ہے؟

جواب

نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم کی سنتیں دو قسم کی ہیں:

(1) سنن مؤکدہ، یہ وہ سنتیں ہیں، جو حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم نے ہمیشہ ادا کیں، لیکن کبھی کبھار بیان جواز کے لئے چھوڑ بھی دیں، یا وہ سنتیں ہیں، جن کے کرنے کی تاکید فرمائی، لیکن چھوڑنے کی راہ کلی طور پر بند نہیں فرمائی، شریعت مطہرہ میں اس کے کرنے کی تاکید ہے، یہاں تک کہ بلاعذر ایک بار بھی چھوڑنے والا، ملامت کا مستحق ٹھہرتا ہے، اور اگر کوئی اسے ترک کرنے کی عادت بنا لے، تو وہ گنہگار، اور عذاب کا مستحق ہو جاتا ہے۔

(2) سنن غیر مؤکدہ، یہ وہ سنتیں ہیں، کہ ان پر عمل کرنے میں ثواب ہے، اوران کا چھوڑنا شریعت میں ناپسندیدہ ہے، مگر ان کے چھوڑ نے پر (خواہ عادتا چھوڑے یا کبھی کبھار) عذاب کی کوئی وعید نہیں فرمائی، ہاں! کبھی کبھار چھوڑے یا چھوڑنے کی عادت بنائے، بہر صورت عتاب (سرزنش) کا مستحق ہے۔

فتاوی رضویہ میں ہے (ترک) عادی پر عذاب اور نادر پر عتاب۔ یہ سنت موکدہ ہے کہ اگر نادر پر بھی عذاب ہو تو اس میں اور واجب میں فرق نہ رہے گا اور عادی پر بھی عتاب ہی ہو تو اس میں اورسنت غیر موکدہ میں تفاوت نہ ہوگا۔۔۔۔ عادی ہو یا نادر، مطلقا مورثِ عتاب ہو، یہ سنت زائدہ ہے۔ (فتاوی رضویہ، ج 01، حصہ ب، ص 903، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

بہارشریعت میں ہے سنت مؤکدہ: وہ جس کو حضور اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ہمیشہ کیا ہو، البتہ بیانِ جواز کے واسطے کبھی ترک بھی فرمایا ہو یا وہ کہ اس کے کرنے کی تاکید فرمائی مگر جانب ترک بالکل مسدود نہ فرمائی ہو، اس کا ترک اساء ت اور کرنا ثواب اور نادراً ترک پر عتاب اور اس کی عادت پر استحقاقِ عذاب۔ سنت غیر مؤکدہ: وہ کہ نظر شرع میں ایسی مطلوب ہو کہ اس کے ترک کو ناپسند رکھے مگر نہ اس حد تک کہ اس پر وعید عذاب فرمائے عام ازیں کہ حضور سید عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے اس پر مداومت فرمائی یا نہیں، اس کا کرنا ثواب۔ (بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ 2، صفحہ 283، مکتبۃ المدینۃ، کراچی)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: ابو شاہد مولانا محمد ماجد علی مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4916
تاریخ اجراء: 03 ذو القعدۃ الحرام 1447ھ / 21 اپریل 2026ء