بے جان چیزوں کی ڈرائنگز اور پینٹنگز بنانے کا حکم

بے جان چیزوں کی ڈرائنگز، پینٹنگز بنانے کا حکم

دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

ڈرائنگز، پینٹنگز کرنے میں پھول، پتے بنا کر اُن میں رنگ بھر سکتے ہیں؟ اور کن کن چیزوں کی ڈرائنگ اور پینٹنگ بنا کر اُن میں رنگ بھر سکتے ہیں؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

جی ہاں، ڈرائنگز اور پینٹنگز میں پھول، پتے بنا کر ان میں رنگ بھر سکتے ہیں، نیز اس کے علاوہ درخت، پہاڑ، سمندر، آسمان، سورج، چاند، ستارے وغیرہ جیسی بے جان یا غیر ذی روح چیزوں کو بنانا اور اُن میں رنگ بھرنا بھی جائز ہے؛ کیونکہ یہ سب غیر ذی روح کی تصویریں ہیں،اور غیر ذی روح کی تصویر بنانے اور ان میں رنگ بھرنے میں کوئی حرج نہیں۔ ہاں جاندارکے چہرے کی تصویربنانا،جائزنہیں ہے۔

ذی روح کی تصویر بنانے کے متعلق امام اہلسنت الشاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں: ”حضور سرور عالم صلی اللہ تعالی علیہ و سلم نے ذ ی روح کی تصویر بنانا، بنوانا، اعزازاً اپنے پاس رکھنا سب حرام فرمایا اور اس پر سخت سخت وعیدیں ارشاد کیں اور ان کے دور کرنے، مٹانے کا حکم دیا؛ احادیث اس بارے میں حدِ تواترپر ہیں۔“ (فتاویٰ رضویہ، جلد 21، صفحہ 426، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

غیر ذی روح کی تصویر کے متعلق امام اہلسنت الشاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں: ”تصویر کسی طرح استیعاب مابہ الحیاۃنہیں ہوسکتی، فقط فرق حکایت و فہم ناظر کا ہے، اگر اس کی حکایت محکی عنہ میں حیات کا پتہ دے یعنی ناظر یہ سمجھے کہ گویا ذوالتصویر زندہ کو دیکھ رہا ہے تو وہ تصویر ذی روح کی ہے اور اگر حکایت حیات نہ کرے، ناظر اس کے ملاحظہ سے جانے کہ یہ حی کی صورت نہیں میت و بے روح کی ہے، تو وہ تصویر غیر ذی روح کی ہے۔“ (فتاویٰ رضویہ، جلد 24، صفحہ 587، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

"مجلس شرعی کے فیصلے" کتاب میں ہے "غیر ذی روح کی صورت گری حرام نہیں، اسی طرح غیر ذی روح کا کارٹون بھی حرام نہیں، کیوں کہ اس سے بھی حکایتِ حیات نہیں ہوتی۔" (مجلس شرعی کے فیصلے، جلد 01، صفحہ 387، مطبوعہ کراچی)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد شفیق عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-3803

تاریخ اجراء: 08 ذو القعدۃ الحرام 1446 ھ/ 06 مئی 2025 ء