Chuha Marne ka Shari Hukum

چوہے مارنے کا حکمِ شرعی

مجیب:مولانا محمد ابوبکر عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-3493

تاریخ اجراء:21رجب المرجب1446ھ/22جنوری 2025ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   چوہے مارنے کا شرعی حکم کیا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   چوہوں کو   مار سکتے ہیں کہ چوہا موذی (یعنی اپنے نفع کے بغیر ابتداء ً  دوسروں کا نقصان کرنے والے) جانوروں میں سے  ہے  اور اس طرح کے جا نوروں  کو  ہر جگہ ہر حالت میں مار سکتے ہیں۔

   صحیح مسلم میں ہے  عن عائشة رضي اللہ عنها، عن النبي صلى اللہ عليه وسلم أنه قال: خمس فواسق  يقتلن في الحل والحرم: الحية، والغراب الأبقع، والفأرة، والكلب العقور، والحديا ترجمہ: حضرت عائشہ  رضی اللہ عنھا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت فرماتی ہیں کہ نبی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّمَ نے فرمایا: پانچ فاسق جانور ایسے ہیں جنہیں حل و حرم میں قتل کیا جاسکتا ہے، سانپ، کوا، چوہا، کاٹنے ولاکتا اور چیل۔(صحیح مسلم، جلد1، صفحہ445، مطبوعہ کوئٹہ)

   بدائع الصنائع میں ہے "روي عن عائشة- رضي الله عنها- قالت: «أمر رسول الله- صلى الله عليه وسلم- بقتل خمس فواسق في الحل والحرم: الحدأة، والفأرة، والغراب، والعقرب، والكلب العقور» و علة الإباحة فيها هي الابتداء بالأذى و العدو على الناس غالبا" ترجمہ: حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنھا سے مروی ہیں، آپ فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پانچ فاسق جانوروں کو حل و حرم دونوں جگہ قتل کرنے کا حکم دیا، (اور وہ پانچ جانور یہ ہیں)چیل، چوہا، کوا، بچھو اور کٹکھنا کتا۔ان کو مارنے کے مباح ہونے کی علت یہ ہے کہ یہ ابتداء اذیت دیتے ہیں اور غالب طور پر انسانوں سے دشمنی رکھتے ہیں۔(بدائع الصنائع، ج2، ص197، دار الکتب العلمیۃ، بیروت)

   اس حدیثِ پاک کے تحت مشہور مفسر، مفتی احمد یار خان رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہِ  فرماتے ہیں: "یہ پانچ جانورموذی ہیں یعنی اپنے نفع کے بغیر دوسرے کا نقصان کر دینے والےہیں، ان کا قتل ہر جگہ اور ہر حال میں دُرُست ہے۔ یہ جانور چونکہ اِبتداءً لوگوں کو ستاتے ہیں اور بغیر اپنے نفع کے لوگوں کا نقصان کر دیتے ہیں لہٰذا انہیں ہر جگہ حِل و حرم اور ہر حالت حلال و حرام میں قتل کر سکتے ہیں۔"(مراٰۃ المناجیح، جلد04،صفحہ192،مطبوعہ لاہور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم