
مجیب:مولانا فرحان احمد عطاری مدنی
فتوی نمبر:Web-1924
تاریخ اجراء:13ربیع الاول1446ھ/18ستمبر2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
مجھے دلائل الخیرات نامی کتاب کے بارے میں معلومات درکار ہیں، کیا یہ کتاب ہر کوئی پڑھ سکتا ہے یا اس کے لئے کسی سے اجازت لینا ضروری ہے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
دلائل الخیرات درودشریف کے مختلف صیغوں پرمشتمل کتاب ہے،بزرگانِ دین کا معمول رہا ہے کہ وہ اس کا ورد کیا کرتےہیں،نیز اس کے پڑھنے کے لیے اجازت لینابھی شرعاً ضروری نہیں ۔البتہ کسی صاحبِ اجازت شیخ سے اس کی اجازت حاصل کرکے ان کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق پڑھیں تو زیادہ بہتر رہے گا۔ یادرہے امیرِ اہلسنت مدظلہ العالی کی طرف سے تمام عطاریوں کو دلائل الخیرات شریف پڑھنے کی اجازت ہے اور یہ بطورِ وظیفہ شجرہ عطاریہ میں شامل بھی ہے۔اسلامی بہنیں بھی اس کا ورد کرسکتی ہیں۔ البتہ حیض کی حالت میں دلائل الخیرات شریف میں قرآنی آیات کے علاوہ ذکرواذکار اور درود پاک پڑھیں گی ۔ قرآنی آیات اورسورتوں کاپڑھنااس حالت میں جائز نہیں۔
مفسرشہیر،حکیم الامت،مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ ارشاد فرماتے ہیں:”حضراتِ صوفیاء دلائل الخیرات شریف وغیرہ وظیفے مریدوں کو سکھاتے ہیں،پھر ان سے سنتے ہیں،پھر ان کی اجازت دیتے ہیں جس سے ان کی تاثیر بہت زیادہ ہوجاتی ہے۔“(مرأۃالمناجیح،جلد 3، صفحہ 261، نعیمی کتب خانہ، گجرات)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم