گیمز ایپ (جیسے Ludo, puzzle game وغیرہ) بنانے کا حکم
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
گیمنگ ایپ (جیسے Ludo, puzzle game وغیرہ) بنانا
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
موبائل گیم ایپ (جیسے Ludo, puzzle game وغیرہ) بنانا کیساہے؟ اور ایسی ایپ پر گوگل ایڈز (Google Adsense) لگا کر ایڈز سے پیسے کمانے کا کیا حکم ہے؟
جواب
لہو و لعب کے طور پر کچھ کھیلنا، چاہے موبائل پر ہو یا موبائل کے علاوہ، بہر صورت ممنوع ہے کہ اس میں بلاوجہ اپنے وقت کو ضائع کرنا ہے، اور عام طور پر موبائل گیمز میں میوزک اور فحش تصاویر وغیرہ کئی ایسے امور موجود ہوتے ہیں، جن کی شرعاً اجازت نہیں، اگر ایسی گیم ہو، تو ممانعت کاحکم اور بھی سخت ہو جائے گا، لہٰذا جب ان گیمز کو کھیلنے کی اجازت نہیں، تو ایسی ایپلی کیشن تیار کرنا، جن کے ذریعہ سے لوگ ایسی لہو ولعب، بے پردگی، میوزک اور مقاصدِ شرع کے خلاف اُمور پر مشتمل گیمز کھیلیں، یا ایسے ایڈز دیکھیں، تویہ یقیناً گناہ پر رضا مندی، گناہ کی دعوت دینا اور اس میں تعاون کرنا ہے، اور یہ سب ا عمال شرعاً ناجائز و گناہ ہیں، لہذا ایسی ایپلی کیشن بنانے اور اس پر ایڈز وغیرہ لگا کر پیسے کمانے کی قطعاً اجازت نہیں۔
گناہ کے کام پر مدد کرنا جائز نہیں، جس سے اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں منع فرمایا ہے، چنانچہ اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے: ﴿وَلَا تَعَاوَنُوْا عَلَی الْاِثْمِ وَالْعُدْوَانِ﴾ ترجمہ: اور گناہ اور زیادتی پر باہم مدد نہ کرو۔ (القرآن الکریم، پارہ 06، سورۃ المائدہ، آیت 02)
اس آیت مبارکہ کے تحت احکام القرآن للجصاص میں ہے: ”نھی عن معاونۃ غیرنا علیٰ معاصی اللہ تعالیٰ“ ترجمہ: اس آیت مبارکہ میں اللہ تعالیٰ کی نافرمانیوں پر کسی کی مدد کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ (احکام القرآن للجصاص، جلد 02، صفحہ 381، دار الكتب العلميۃ، بیروت)
گناہ کی دعوت دینے سےگناہ گار ہونے کے متعلق صحیح مسلم، جامع ترمذی، سنن ابن ماجہ اور مسند احمد وغیرہم کتب حدیثِ میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشادفرمایا: ”والنظم للمسلم: من دعا الى ضلالة كان عليه من الاثم مثل آثام من تبعه لا ينقص ذلك من آثامهم شيئا“ ترجمہ: جو کسی کو امرِ ضلالت کی طرف بلائے، جتنے اس کے بلانے پرچلیں، ان سب کے برابر اس پرگناہ ہو گا اور اس سے ان کے گناہوں میں کچھ کمی نہ ہوگی۔ (صحیح مسلم، كتاب العلم، صفحہ 1032، دارالکتب العلمیۃ، بیروت)
فتاوٰی ہندیہ میں ہے "الاعانۃ علی المعاصی و الفجور و الحث علیھا من جملۃ الکبائر" ترجمہ: گناہوں اور فسق و فجور کے کاموں پر مدد کرنا اور اس پر ابھارنا کبیرہ گناہوں میں سے ہے۔ (فتاوی ہندیہ، کتاب الشھادات، الباب الاول، جلد 3، صفحہ 420، دارالکتب العلمیۃ، بیروت)
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد فراز عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4896
تاریخ اجراء:15 شوال المکرم 1447ھ/04 اپریل 2026 ء