logo logo
AI Search

جو عالم نہ ہو وہ حمد یا نعت کے اشعار لکھ سکتا ہے؟

بسم اللہ الرحمن الرحیم

غیرِ عالم کا حمدیہ یا نعتیہ اشعار لکھنا کیسا؟

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

میرے ایک دوست ہیں، جن کو شاعری کا شوق ہے حالانکہ نہ وہ فنِ شاعری سے واقف ہیں اور نہ ہی عالمِ دین ہیں۔ میں نے انہیں کئی بار منع بھی کیا، لیکن باز نہیں آتے، اب انہوں نے حمدیہ اور نعتیہ اشعار بھی لکھنا شروع کردئیے ہیں، اس حوالے سے شرعی حکم بتا دیں۔

جواب

سیدی امیر اہلسنت حضرت مولانا محمد الیاس عطار قادری مدظلہ العالی اپنی کتاب ’’کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب‘‘ میں فرماتے ہیں: ’’نعت شریف لکھنا نہایت مُشکِل فن ہے، اِس کے لیے ماہِرِ فَن عالِمِ دین ہونا چاہئے، ورنہ عالِم نہ ہونے کی صورت میں رَدیف، قافِیہ اور بَحر(یعنی شعر کا وزن) وغیرہ کو نبھانے کیلئے خلافِ شان الفاظ ترتیب پا جانے کا خَدشہ رہتا ہے۔ عوامُ النّاس کو شاعِر ی کا شوق چَرانا مناسِب نہیں کہ نَثر کے مقابلے میں نَظم میں کُفرِیّات کے صُدُور کا زیادہ اندیشہ رَہتا ہے۔ اگر شرعی اَغلاط سے کلام محفوظ رہ بھی گیا تو فضولیات سے بچنے کا ذِہن بَہُت کم لوگوں کا ہوتا ہے۔۔۔ غیر عالمِ کو نعتیہ شاعری سے اوَّلاً بچنا ہی چاہئے اور ان اہم مسائل کے علم سے قبل اگر کچھ کلام لکھ بھی لیا ہے تو جب تک اپنے تمام کلام کے ہر ہر شعر کی کسی فَنِّ شِعری کے ماہر عالمِ دین سے تفتیش نہ کروا لے اُس وَقت تک پڑھنے اور چھاپنے سے مُجْتَنِب(دُور) رہے۔(ملتقطاً)۔‘‘ (کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب، صفحہ232 -238، ملتقطاً، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

اسی میں ’’ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت‘‘ کے حوالے سے سیدی اعلیٰ حضرت امام اہلسنت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ کا ارشاد نقل فرماتے ہیں: ’’حقیقتاً نعت شریف لکھنا نہایت مشکِل ہے جس کو لوگ آسان سمجھتے ہیں، اس میں تلوار کی دھار پر چلنا ہے۔ اگر بڑھتا ہے تو الُوہِیَّت میں پہنچا جاتا ہے اور کمی کرتا ہے تو تَنقِیص (یعنی توہین) ہوتی ہے۔ البتہ حمد آسان ہے کہ اس میں راستہ صاف ہے جتنا چاہے بڑھ سکتا ہے۔ غَرَض حمد میں ایک جانِب اَصلاً حد نہیں اور نعت شریف میں دونوں جانب سخت حد بندی ہے۔‘‘ (کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب، صفحہ 235-236، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد کفیل رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر: Web-2323

تاریخ اجراء:03ذو الحجۃ الحرام1446ھ/31مئی2025ء