نماز کے علاوہ درودِ ابراہیمی پڑھنا

 

نماز کے علاوہ درودِ ابراہیمی پڑھنا

مجیب:مولانا محمد نور المصطفیٰ عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-3562

تاریخ اجراء: 11شعبان المعظم 1446ھ/10فروری2025ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا درود ابراہیمی نماز کے علاوہ پڑھنا جائز نہیں ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   نماز کے علاوہ درو د  ابراہیمی پڑھنا نہ  صرف جائز، بلکہ   افضل بھی ہے۔ ہاں!اس درود میں سلام کا صیغہ نہیں ہے تو مناسب یہ ہے کہ اس کے ساتھ سلام کے صیغے والے درود بھی پڑھے جاتے رہیں، تا کہ حکمِ قرآنی پر پورا عمل ہوتا رہے۔ واضح رہے کہ نماز میں درود سے پہلے التحیات میں سلام کہہ  لیا جاتا ہے۔

   فتاوی رضویہ میں  اعلی حضرت رحمہ اللہ نے  نماز کے علاوہ درود ابراہیمی پڑھنے کی اجازت دی ہے بلکہ اسے ہی پڑھنا افضل قراردیا ہے ،چنانچہ آپ علیہ الرحمۃ سے  سوال ہوا کہ :” مجھے درود شریف جو نماز میں پڑھا جا تاہے اس کی یا کسی دوسرے درود شریف کی جو سب درودوں سے افضل ہو اجاز ت فرمائیں مجھے درود شریف یا کلمہ شریف یا استغفار  پڑھنے کا نہایت شوق ہے خدا حضور کو اجردے گا عام طور پر راستہ چلتا ہوں و دیگر بازار وغیرہ جگہ میں بھی پڑھتا ہوں مجھے عام طور پر درود شریف ہر جگہ پڑھنے کی اجازت ہے یا نہیں ، حضور برائے مہربانی تحریر فرمائیں میں ہر وقت وظیفہ رکھنا چاہتا ہوں یا آیت کریمہ کا یا کوئی دوسرا، یہ اس لئے کہ محبت خدا و رسول کی پُورے طور پر حاصل ہوجائے  ۔“

   جواب:”سب درودوں سے افضل درود وہ ہے جو سب اعمال سے افضل یعنی نماز میں مقرر کیا گیا ہے درود شریف راہ چلتے بھی پڑھنے کی اجازت ہے جہاں نجاست پڑی ہو وہاں رُک جائے بہتر یہ ہے ایک وقت معین کرکے ایک عدد مقرر کر لے اُس قدر باوضو دو زانو ادب کے ساتھ مدینہ طیبہ کی طرف منہ کرکے روزانہ عرض کیا کرے جس کی مقدار سَو بار سے کم نہ ہوزیادہ جس قدر نبھا سکے بہتر ہے ، علاوہ اس اُٹھتے بیٹھتے ، چلتے پھرتے باوضو بے وضو ہر حال میں درود جاری رکھے، اور اس کے لئے بہتر یہ ہے کہ ایک صیغہ خاص کا پابند نہ ہوبلکہ وقتاً فوقتاً مختلف صیغوں سے عرض کرتا رہے تاکہ حضورِ قلب میں فرق نہ ہو ۔“(فتاوی رضویہ ، جلد06،صفحہ 182، رضافاؤنڈیشن ،لاہور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم