عدت کے دوران مختلف رنگ کی چادر اوڑھنے کا حکم

عدت کے دوران عورت کا مختلف رنگ کی چادر اوڑھنا کیسا

دارالافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا عدت کے دوران عورت سفید کے رنگ کی چادر کے علاوہ دوسرے رنگ کی چادریں اوڑھ سکتی ہے؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

عدت والی عورت کے لیے صرف سفید کپڑے اور سفید دوپٹہ پہننا ضروری نہیں، دیگر رنگ کے لباس بھی پہن سکتی ہے البتہ ایسے رنگ کا لباس جو زینت کے طور پر پہنے جاتے ہیں جیسے سرخ لباس، ان سے بچنالازم ہے۔نیز بلا ضرورت شرعی کسی بھی رنگ کے نئے کپڑے نہیں پہن سکتی۔

بہار شریعت میں ہے: ”سوگ کے یہ معنی ہیں کہ زینت کو ترک کرے یعنی ہر قسم کے زیور چاندی سونے جواہر وغیرہا کے اور ہر قسم اور ہر رنگ کے ریشم کے کپڑے، اگرچہ سیاہ ہوں، نہ پہنے، ، ، زعفران یا کسم یا گیرو کا رنگا ہوا یا سرخ رنگ کا کپڑا پہننا منع ہے، ان سب چیزوں کا ترک واجب ہے، یوہیں پڑیا کا رنگ گلابی، دھانی، چمپئی اور طرح طرح کے رنگ جن میں تزین ہوتا ہے، سب کو ترک کرے۔ جس کپڑے کا رنگ پرانا ہو گیا کہ اب اس کا پہننا زینت نہیں، اسے پہن سکتی ہے یوہیں سیاہ رنگ کے کپڑے میں بھی حرج نہیں، جبکہ ریشم کے نہ ہوں۔(بھار شریعت، ملتقطا، ج2، ص242، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد ماجد رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر: Web-2286

تاریخ اجراء: 16ذوالقعدۃ الحرام1446 ھ/14مئی2025 ء