
مجیب:مولانا محمد سجاد عطاری مدنی
فتوی نمبر:WAT-3499
تاریخ اجراء:27رجب المرجب1446ھ/28جنوری 2025ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
میرا سوال یہ ہے کہ کیا خلع کے بعد عدت پوری کرنا لازم ہے؟ اوراگر عورت خلع کے بعدعدت پوری نہ کرے تو کیا گناہ ہوگا؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
اگر خلع، شوہر نے دیا ہے تو خلع کے بعد عورت پر عدت لازم ہوگی، اگر عدت پوری نہیں کرے گی تو گنہگار ہوگی، کیونکہ خلع طلاق بائن ہی ہے، لہذا خلع کے بعد عورت پرطلاق والی عدت لازم ہوگی، یعنی خلع لینے والی عورت اگر ان میں سے ہے جنہیں حیض آتاہے تو اس کی عدت تین حیض ہیں، اور اگر (نابالغی یابڑھاپے کی وجہ سے)حیض نہیں آتا (یاعمرکے لحاظ سے بالغہ ہوئی اوراسے ابھی تک حیض آیاہی نہیں) تو اس کی عدت تین مہینے ہے، اوراگر وہ عورت حاملہ ہے تو اس کی عدت وضع حمل (یعنی بچہ پیداہونے تک)ہے۔ چنانچہ الحاوی القدسی میں ہے ’’والعدۃ فی الخلع کالعدۃ فی الطلاق‘‘ ترجمہ: خلع میں عدت ،طلاق کی عدت کی طرح ہے۔(الحاوی القدسی، ج01، باب الخلع، ص448، النوریۃ الرضویۃ، لاھور)
فتاوی ہندیہ میں ہے ”وعدۃ الحامل ان تضع حملھاکذافی الکافی “ترجمہ: اورحاملہ کی عدت یہ ہے کہ اپناحمل جن دے، جیساکہ کافی میں ہے۔(فتاوی ہندیہ،ج01،ص528،دارالفکر،بیروت)
فتاوی ہندیہ میں ہے"إذا طلق الرجل امرأته طلاقا۔۔۔ وهي حرة ممن تحيض فعدتها ثلاثة أقراء۔۔ والعدة لمن لم تحض لصغر أو كبر أو بلغت بالسن ولم تحض ثلاثة أشهر كذا في النقاية" ترجمہ: جب کوئی شخص اپنی بیوی کوطلاق دے اوروہ آزادہواوران میں سے ہوجنہیں حیض آتاہے تواس کی عدت تین حیض ہے اور جسے نابالغی یابڑھاپے کی وجہ سے حیض نہیں آتایاعمرکے لحاظ سے بالغہ ہوئی اورابھی تک حیض نہیں آیاتوان سب کی عدت تین مہینے ہے، اسی طرح نقایہ میں ہے۔(فتاوی ہندیہ،کتاب النکاح،الباب الثالث عشرفی العدۃ،ج01،ص 526، دار الفکر، بیروت)
فتاوی رضویہ میں سیدی اعلی حضرت، مولانا شاہ امام احمدرضا خان علیہ الرحمہ ایک سوال کے جواب میں ارشاد فرماتے ہیں :”جس روزاس نے خاوند سے خلع کیا، اسی دن سے عدت واجب ہوئی اور اس کا مکمل ہونا ضروری ہے ورنہ اس کا نکاح حرام ہے۔“(فتاوی رضویہ، ج12، ص652، رضا فاؤنڈیشن لاہور)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
جس کو ماہواری نہ آتی ہو اس کی عدت کیا ہوگی؟
جب طلاق کاخط ملا تب عدت شروع ہوگی یا جب طلاق دی تب سے؟
حاملہ کی عدت کب تک ہوگی ؟
بیوہ کی عِدّت اورغیر شرعی وصیت پر عمل کرنا کیسا؟
طلاق یافتہ ،اوربیوہ عورت کی عدت کتنی ہے؟
کیا حاملہ عورت کی عدت کا نفقہ بھی شوہر پر لازم ہے؟
عدتِ وفات کی مدت اور اس میں پردے کا حکم
وفات کی عدت کے احکام