گھریلو استعمال کے لیے اُگائی گئی سبزیوں پر عشر

گھروں میں اُگنے والی سبزیوں پر عشر کا حکم؟

دار الافتاء اھلسنت ( دعوت اسلامی )

سوال

کیافرماتے ہیں علمائے دین ومفتیانِ شرعِ متین اس مسئلے کے بارے میں کہ میں اپنے گھر میں گھریلو استعمال کے لیے کچھ سبزی اگاتا ہوں، مجھ پر اس کا عشر لازم ہو گا یا نہیں؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت میں آپ پر عشر واجب نہیں ہے، کیونکہ گھر میں ہونے والی پیداوار پر عشر واجب نہیں ہوتا۔ تنویر الابصار و در مختار میں ہے:

”و لا شیء فی دار“

ترجمہ: اور گھر میں ہونے والی پیداوار پر عشر واجب نہیں ہے۔ (الدر المختار مع رد المحتار، ج 3، ص 320، مطبوعہ کوئٹہ)

رد المحتار میں اس کے تحت ہے:

”لان عمر رضی اللہ عنہ جعل المساکن عفوا و علیہ اجماع الصحابۃ“

ترجمہ: کیونکہ امیر المؤمنین حضرت سیِّدُنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے رہائش گاہوں کو ( عشر کے بارے میں) معاف رکھا اور اس پر صحابۂ کِرام رضی اللہ عنہم کا اجماع ہے۔) رد المحتار علی الدر المختار، ج 3، ص 320، مطبوعہ کوئٹہ)

صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ”مکان یا مقبرہ میں جو پیداوار ہو، اُس میں نہ عشر ہے، نہ خراج۔(بھارِ شریعت، حصہ5، ج1، ص 919، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مفتی محمد قاسم عطاری

فتوی نمبر: Aqs-1896

تاریخ اجراء: 09 صفر المظفر 1442 ھ/ 27 ستمبر 2020 ء