ہیئر بینڈ یا ہیئر کلپ کے ساتھ سر کا مسح کرنا کیسا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سر پر ہیئر بینڈ یا ہیئر کلپ لگا ہو تو مسح کا حکم

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

سر پر ہیئر بینڈ یا ہیئر کلپ لگایا ہو، تو کیا سر کا مسح ہو جائے گا؟

جواب

سر پر ہیئر بینڈ یا ہیئر کلپ وغیرہ لگے ہونے کی حالت میں سرکا مسح کیا، اور کم ازکم سر کے چوتھائی حصے تک تری پہنچ گئی، تو مسح ہوگیا، البتہ! پُورے سر کا ایک بار مسح کرنا سنت موکدہ ہے، بلاعذرشرعی جس کے ترک کی عادت بنانے سے گناہ ہوتاہے، اورہیئربینڈیاہیئرکلپ وغیرہ کے لگے ہونے کی حالت میں مسح کرنے سے پورے سرکامسح نہیں ہوگا، اس لیے ہیئر بینڈ اور ہیئر کلپ اتار کر مسح کیاجائے، تاکہ سنت موکدہ بھی ادا ہو۔ فتاویٰ عالمگیری میں ہے

و المفروض في مسح الرأس مقدار الناصية كذا في الهداية والمختار في مقدار الناصية ربع الرأس

ترجمہ: سر کے مسح میں ناصیہ کی مقدار فرض ہے، ایسا ہی ہدایہ میں ہے۔ اور ناصیہ کی مقدار کے بارے میں مختار قول چوتھائی سر کا ہے۔ (فتاوی عالمگیری، جلد 1، صفحہ 5، مطبوعہ: کوئٹہ)

پورے سر کا مسح سنت مؤکدہ ہونے کی تصریح کرتے ہوئے علامہ زَبِیدی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ (سالِ وفات: 800ھ / 1397ء) لکھتےہیں:

(قوله: و يستوعب رأسه بالمسح) الاستيعاب هو الاستئصال يقال استوعب كذا إذا لم يترك منه شيئا و الاستيعاب سنة مؤكدة على الصحيح

ترجمہ: ماتن کا قول: اور پورے سر کا مسح کے ساتھ گھیراؤ کرنا، (سنت ہے) استیعاب مکمل گھیراؤ کرنے کو کہا جاتا ہے جيسا کہ کہا جاتا ہے کہ اس نے ایسے انداز سے پورا کیا کہ اس میں سے کچھ نہ چھوڑا اور صحیح قول کے مطابق پورے سر کا مسح کرنا سنتِ مؤکدہ ہے۔ (الجوھرۃ النیرۃ، کتاب الطهارة، جلد 1، صفحہ 7، المطبعۃ الخیریۃ)

فتاوی ہندیہ میں سنتوں کے بیان میں ہے۔

(و منھا)مسح کل الراس مرۃ کذافی المتون۔۔۔ و ان داوم علی ترک استیعاب الراس بغیر عذر یاثم کذافی القنیۃ

ترجمہ: وضو کی سنتوں میں سے ایک یہ ہے کہ پورے سر کا ایک بار مسح کرنا، اسی طرح متون میں ہے اوراگر بلاعذر پورے سرکامسح ترک کرنے کی عادت بنائی، تو گناہ گار ہوگا، اسی طرح قنیہ میں ہے۔ (فتاوی عالمگیری، جلد 1، صفحہ 7، مطبوعہ: کوئٹہ)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد سجاد عطاری مدنی

فتویٰ نمبر: WAT-4578

تاریخ اجراء: 05 رجب المرجب 1447ھ / 26 دسمبر 2025ء