
دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)
کسی کی نیت تھی کہ کل عاشورا کا روزہ رکھوں گی لیکن اس کو رات ہی میں حیض آگیا اور وہ اس مجبوری کی وجہ سے روزہ نہ رکھ سکی تو کیا اس کو ثواب ملے گا؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
ہماری شریعت مطہرہ کا یہ احسان عظیم ہے کہ اگر کوئی مسلمان کسی نیک کام کو کرنے کی پکی نیت کرلے اور پھر کسی عذر کی وجہ سے اس عمل کو سر انجام نہ دے سکے، تب بھی نیت کرنے والے کو اس کی نیت پر ایک نیکی کا ثواب مل جاتا ہے، البتہ اس نیک عمل کو سر انجام دینے کا ثواب عمل کرنے پر ہی ملے گا۔ لہٰذا پوچھی گئی صورت میں ان شاء اللہ عزوجل، اس خاتون کو روزے کی نیت کا ثواب ملے گا۔
مشکاۃ المصابیح میں حدیث معراج میں ہے
من هم بحسنة فلم يعملها كتبت له حسنة فإن عملها كتبت له عشرا
یعنی: (اللہ تبارک و تعالی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کو فرمایا کہ) جس نے کسی نیکی کا ارادہ کیا پھر وہ اس نیکی کو نہ کر سکا تو اس کیلئے ایک نیکی لکھ دی جائے گی اور اگر اس نے وہ عمل کر لیا تو اس کیلئے دس نیکیاں لکھ دی جائیں گی۔ اس کے تحت مرقاۃ المفاتیح میں ہے
(من هم بحسنة) أي: عزم على فعلها (فلم يعملها): لمانع شرعي أو عذر عرفي (كتبت له) أي: لعاملها (حسنة)۔۔۔ أي ثواب حسنة واحدة
ترجمہ: جس نے کسی نیکی کا ارادہ کیا یعنی اس نیکی کو سر انجام دینے کا پکا قصد کیا پھر وہ اس نیکی کو شرعی رکاوٹ یا عرفی عذر کی وجہ سے نہ کرسکا تو اس نیت کرنے والے کے لیے ایک نیکی کا ثواب لکھ دیا جائے گا۔ (مرقاۃ المفاتیح، جلد 09، صفحہ 3767، حدیث: 5863، مطبوعہ: دار الفکر، بیروت)
علامہ علی قاری اسی میں فرماتے ہیں:
یثاب علی النیۃ المجردۃ
ترجمہ: صرف نیک عمل کی نیت پر بھی ثواب لکھا جائے گا۔ (مرقاۃ المفاتیح، جلد 01، صفحہ 44، مطبوعہ: دار الفکر، بیروت)
حکیم الامت حضرت مفتی احمد یار خان صاحب نعیمی علیہ الرحمۃ لکھتے ہیں: "نیکی کا ارادہ بھی نیکی ہے، اس پر بھی ثواب ہے، مگر ثواب اور چیز ہے، اداء فرض اور چیز لہٰذا صرف ارادہ سے فرض ادا نہ ہوگا۔" (مرآۃ المناجیح، جلد 03، صفحہ 384، مطبوعہ: نعیمی کتب خانہ، گجرات)
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد سعید عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4015
تاریخ اجراء: 18 محرم الحرام 1447ھ / 14 جولائی 2025ء