
دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)
مخصوص ایام میں نہانا، آب زم زم پینا، مدنی پنج سورہ پڑھنا کیسا ہے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
مخصوص ایام میں نہانا اور آبِ زم زم پینا، جائز ہے۔ مدنی پنج سورہ کے متعلق تفصیل یہ ہےکہ مدنی پنج سورہ میں لکھی ہوئی سورتیں یا ان کا ترجمہ پڑھنے کی اجازت نہیں یونہی ان مقامات کو چھونا بھی گناہ ہے۔ اس حالت میں جس صفحے پر آیت یا اس کا ترجمہ لکھا ہے، بعینہٖ اس کے پیچھے کے حصے کو چھونا بھی گناہ ہے۔ البتہ اس کے علاوہ سورتوں کے فضائل، مخصوص مواقع پر پڑھی جانے والی دعائیں، درود شریف وغیرہ وہ چیزیں جن میں آیات یا ان کا ترجمہ موجود نہیں، ان کو پڑھ سکتے ہیں۔ یونہی جو دعائیں قرآنی آیات پر مشتمل ہیں، ان کو صرف دعا کی نیت سے پڑھنا بھی جائز ہے البتہ ایسی آیات کو قرآنِ کریم کی نیت سے نہیں پڑھ سکتے۔
حیض، نفاس، استحاضہ وغیرہ سے متعلق تفصیلی مسائل جاننے کیلئے دار الافتاء اہلسنت کی مطبوعہ کتاب ”خواتین کے مخصوص مسائل“ پڑھیں، اس کتاب میں عورتوں کے ساتھ ساتھ مرد حضرات کیلئے بھی فرض علوم اور مفید معلومات ہیں۔ یہ کتاب مکتبۃ المدینہ کی کسی بھی برانچ سے خریدی جا سکتی ہے نیز اسے نیچے دیئے گئے لنک کے ذریعے آن لائن پڑھنے کے ساتھ ساتھ بالکل مفت ڈاون لوڈ بھی کیا جا سکتا ہے۔
https://www.daruliftaahlesunnat.net/sharebook/ur/778
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا عابد عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: Web-2077
تاریخ اجراء: 06 رجب المرجب 1446 ھ / 07 جنوری 2025 ء