کیا شہوت کے ساتھ منی نکلنے سے عورت پر بھی غسل واجب ہوگا؟

کیا شہوت کے ساتھ منی نکلنے سے عورت پر بھی غسل واجب ہوگا؟

مجیب:مولانا ذاکر حسین عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-3574

تاریخ اجراء:21شعبان المعظم1446ھ/20فروری2025ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   شہوت کے ساتھ منی اپنی جگہ سے جدا ہو کر نکل جانے سے غسل فرض ہوجائے گا صرف یہ اسلامی بھائی کے لیے ہے یا اسلامی بہنوں کے لئے بھی ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   منی کا اپنے محل سے شہوت کے ساتھ نکلنے پر غسل کا حکم مرد و عورت دونوں کے لئے ہے۔ فتاوی رضویہ میں فوائد ِجلیلہ کے تحت مذکور ہے :"منی کواپنے محل یعنی مرد کی پشت ،عورت کے سینہ سے جدا ہوتے وقت شہوت چاہئے پھر اگرچہ بلا شہوت نکلے غسل واجب ہوجائے گا مثلا احتلام ہوا یا نظر یافکر یاکسی اور طریق سوائے ادخال سے منی بشہوت اتری اس نے عضو کو تھام لیا نہ نکلنے دی یہاں تک کہ شہوت جاتی رہی یا بعض لوگ سانس اوپر چڑھا کر اترتی ہوئی منی کو روک لیتے ہیں یابعض میں ضعف شہوت کے سبب منی خیال بدلنے یاکروٹ لینے یا اٹھ بیٹھنے یاپشت پر پانی کاچھینٹا دے لینے سے رک جاتی ہے غرض کسی طرح شہوت کے وقت اترتی ہوئی منی کو روک لیا یاخود رک گئی پھر جب شہوت جاتی رہی نکلی تو امام اعظم وامام محمد کے نزدیک غسل واجب ہوجائے گا کہ اترتے وقت شہوت تھی اگرچہ نکلتے وقت نہ تھی۔"(فتاوی رضویہ، ج 04، ص 631، مطبوعہ: رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم