شوہر کے کہنے پر آئی برو بنوا سکتے ہیں؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
عورت کا اپنے شوہر کے کہنے پر آئی برو بنوانا کیسا؟
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
کیا عورت اپنے شوہر کے کہنے پر آئی برو بنوا سکتی ہے؟
جواب
نہیں بنواسکتی۔ اگر شوہر کہے تواس کی بات نہیں مانی جائے گی کہ ناجائز کام میں مخلوق کی اطاعت جائز نہیں ہے۔
صحیح بخاری شریف کی حدیثِ مبارک ہے:
عن علی رضی اللہ عنه ان النبی صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم قال لا طاعۃ فی معصیۃ اللہ، انما الطاعۃ فی المعروف
یعنی حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے ارشاد فرمایا کہ اللہ عزوجل کی نافرمانی میں کسی مخلوق کی اطاعت جائز نہیں، بلکہ مخلوق کی اطاعت تو فقط بھلائی کے کاموں میں ہی جائز ہے۔ (صحیح البخاری، جلد 2، صفحہ 1077 - 1078، مطبوعہ کراچی)
صدر الشریعہ بدر الطریقہ حضرتِ علامہ مولانا مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ ایک سوال کے جواب میں ارشاد فرماتے ہیں: جس کو شرع مطہر نے ناجائز قرار دیا ہے، اس میں اطاعت نہیں کہ یہ حقِ شرع ہے اور کسی کی اطاعت میں احکامِ شرع کی نافرمانی نہیں کی جاسکتی کہ معصیت میں کسی کی طاعت نہیں ہے۔ حدیث میں ہے:
لا طاعۃ للمخلوق فی معصیۃ الخالق (فتاویٰ امجدیہ، جلد 4، صفحہ 198، مکتبہ رضویہ کراچی)
و اللہ اعلم عزوجل و رسولہ اعلم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم
مجیب: مولانا جمیل احمد غوری عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: Web-2265
تاریخ اجراء: 02 ذو القعدۃ الحرام 1446ھ / 30 اپریل 2025ء