حضرت جبریل حضور ﷺ کی بارگاہ میں کتنی مرتبہ آئے؟

جبریلِ امین کا 24 ہزار بار نبی کریم کی بارگاہ میں حاضر ہونا

دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ہم نے سنا ہے کہ حضرت جبرائیل امین علیہ السّلام، رسول پاک صلَّی اللہ علیہ و اٰلہٖ و سلَّم کی بارگاہِ اقدس میں چوبیس ہزار مرتبہ حاضر ہوئے۔ سوال یہ ہے کہ کیا یہ بات درست ہے یا نہیں؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

جی ہاں یہ بات درست ہے اور علمائے کرام نے اپنی کتابوں میں اس بات کو بیان کیاہے کہ حضرت جبریل علیہ السّلام حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں چوبیس ہزار مرتبہ حاضر ہوئے۔اس بات کو امام احمد بن محمد بن ابوبکرالقسطلانی علیہ الرحمہ نے ارشاد الساری شرح صحیح بخاری اورمواہب اللدنیہ بالمنح المحمدیہ میں اور ابو عبداللہ محمد بن عبدالباقی الزرقانی علیہ الرحمہ نے شرح الزرقانی علی المواہب اللدنیہ میں اور علامہ شمس الدین محمد بن احمد الخطیب علیہ الرحمہ نے السراج المنیر میں نقل کیا ہےکہ جبریل علیہ السّلام نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں 24000 مرتبہ حاضر ہوئے اور حضرت آدم علیہ السّلام کی بارگاہ میں 12مرتبہ حاضر ہوئے اور حضرت ادریس علیہ السّلام کی بارگاہ میں 4 مرتبہ حاضر ہوئے اور حضرت نوح علیہ السّلام کی بارگاہ میں 50مرتبہ حاضر ہوئے اور حضرت ابراہیم علیہ السّلام کی بارگاہ میں 42 مرتبہ حاضر ہوئے اور حضرت موسیٰ علیہ السّلام کی بارگاہ میں 400مرتبہ حاضر ہوئے اور حضرت عیسیٰ علیہ السّلام کی بارگاہ میں 10مرتبہ حاضر ہوئے۔

ارشاد الساری شرح صحیح بخاری میں ہے:

ان جبريل نزل على النبي صلی اللہ علیہ وسلم اربعة وعشرين الف مرة، وعلى آدم اثنتي عشرة مرة، وعلى ادريس اربعًا، وعلى نوح خمسين، وعلى ابراهيم اثنتين و اربعين مرة، وعلى موسى اربعمائة، وعلى عيسى عشرًا

یعنی جبریل علیہ السّلام نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں چوبیس ہزار مرتبہ حاضر ہوئے اور حضرت آدم علیہ السّلام کی بارگاہ میں بارہ مرتبہ حاضر ہوئے اور حضرت ادریس علیہ السّلام کی بارگاہ میں چار مرتبہ حاضر ہوئے اور حضرت نوح علیہ السّلام کی بارگاہ میں پچاس مرتبہ حاضر ہوئے اور حضرت ابراہیم علیہ السّلام کی بارگاہ میں بیالیس مرتبہ حاضر ہوئے اور حضرت موسیٰ علیہ السّلام کی بارگاہ میں چار سو مرتبہ حاضر ہوئے اور حضرت عیسیٰ علیہ السّلام کی بارگاہ میں دس مرتبہ حاضر ہوئے۔(ارشاد الساری، 1/ 60-نزہۃ القاری، 1/247)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مفتی ابومحمد علی اصغر عطاری مدنی

تاریخ اجراء: ماہنامہ فیضانِ مدینہ ستمبر 2025ء