logo logo
AI Search

امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی تاریخ ولادت

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی تاریخ ولادت کیا ہے؟

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی ولادت کب ہوئی؟ حوالے کے ساتھ بیان فرمائیں۔

جواب

سید الشہداء حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ولادت 5 شعبان 4 ہجری کو مدینہ منورہ میں ہوئی۔ جزئیات درج ذیل ہیں:

الاستیعاب فی معرفۃ الاصحاب میں ہے

”ولد لخمس خلون من شعبان سنة أربع“

ترجمہ: سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ 5 شعبان 4 ہجری کو پیدا ہوئے۔ (الاستیعاب فی معرفۃ الاصحاب، جلد 1، صفحہ 392، دار الجیل، بیروت)

اسد الغابۃ فی معرفۃ الصحابۃ میں ہے

وقال الزبير بن بكار ولد الحسين لخمس خلون من شعبان سنة أربع من الهجرة“

 ترجمہ: امام زبیر بن بکار نے فرمایا: سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ 5 شعبان 4 ہجری کو پیدا ہوئے۔ (اسد الغابۃ فی معرفۃ الصحابۃ، جلد 1، صفحہ 466، دار الکتب العلمیۃ، بیروت)

سیر اعلام النبلاء میں ہے

”قال الزبير: مولده في خامس شعبان سنة أربع من الهجرة“

ترجمہ: امام زبیر بن بکار نے فرمایا: امام حسین رضی اللہ عنہ کا یومِ ولادت 5 شعبان سن 4 ہجری ہے۔ (سیر اعلام النبلاء، جلد 4، صفحہ 348، دار الحدیث، القاھرۃ)

صدر الافاضل مفتی محمد نعیم الدین مراد آبادی رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں: ”سید الشہداء حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ولادت 5 شعبان 4ھ؁ کو مدینہ منورہ میں ہوئی۔ حضور پر نور سید عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے آپ کا نام حسین اور شبیر رکھا اور آپ کی کنیت ابو عبداللہ اور لقب سبط رسول اللہ اور رَیْحَانَۃُ الرَّسُوْل ہے اور آپ کے برادرِ معظم کی طرح آپ کو بھی جنتی جوانوں کا سردار اور اپنا فرزند فرمایا۔“ (سوانح کربلا، صفحہ 103، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد ابو بکر عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4720
تاریخ اجراء: 21 شعبان المعظم 1447ھ/10 فروری 2026ء