logo logo
AI Search

طریقت میں سب سے افضل سلسلہ کون سا ہے؟

بسم اللہ الرحمن الرحيم

طریقت کے سلاسل میں سب سے افضل سلسلہ کون سا ہے؟

دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

جواب

سلاسل میں سب سے افضل سلسلہ، سلسلہ قادریہ ہے، کہ یہ سرکارِبغداد حضور غوث پاک رضی اللہ تعالی عنہ سے چلا ہے، اور آپ چونکہ امام مہدی کے ظہور تک تنہا غوثیت کبری پر فائز ہیں، کہ اس عرصے میں جس کو بھی ولایت ملی اور ملے گی، وہ آپ ہی کے واسطے سے ملے گی، اس وجہ سے آپ کاسلسلہ تمام سلاسل میں افضل مانا جاتا ہے۔

فتاوی رضویہ میں ہے "افضل السلاسل سلسلہ علیہ، عالیہ ۔ ۔ ۔ قادریہ،طیبہ، مبارکہ" (فتاوی رضویہ، ج 26، ص 557، 558، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

مزیدفتاوی رضویہ میں ہے "بلاشبہ خاندان اقدس قادری تمام خاندانوں سے افضل ہے کہ حضور پرنور سیدنا غوث الاعظم رضی اللہ تعالی عنہ افضل الاولیاء و امام العرفاء و سید الافراد و قطب ارشادہیں۔" (فتاوی رضویہ، ج 26، ص 568، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

سب سے افضل سلسلہ، سلسلہ قادریہ ہے، اس کے حوالے سے ملفوظات اعلی حضرت میں ہے ”جمیع سَلاسِل اس سلسلہ اعلیٰ (یعنی سلسلہ قادریہ) کی طر ف راجع (یعنی متوجّہ) ہیں۔“ (ملفوظات اعلی حضرت، ص 65، مکتبۃ المدینۃ، کراچی)

فتاوی شارح بخاری میں ہے ”سب سے بہتر سلسلہ قادریہ ہے۔ حضرت شیخ احمد سرہندی مجدد الف ثانی قدس سرہ نے اپنے مکتوبات میں لکھا ہے کہ حضرت امام مہدی تک جس کسی کومنصب ولایت ملے گا وہ سرکار غوث اعظم رضی اللہ تعالی عنہ کے توسط سے ملے گا۔ اس لئے سب سے اعلی سلسلہ قادریہ ہوا۔“ (فتاوی شارح بخاری، ج 02، ص 241، 242، برکات المدینہ، کراچی)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مفتی محمد حسان عطاری مدنی 
فتوی نمبر: WAT-5308
تاریخ اجراء: 05 ربیع الاول 1448ھ / 19 اگست 2026ء