logo logo
AI Search

دنیا کی سب سے افضل جگہ کون سی ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سب سے افضل جگہ کونسی ہے؟

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ دنیا کی سب سے افضل زمین کون سی ہے؟

جواب

نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی تُربت اطہر یعنی قبر مبارک کا وہ حصہ کہ جو جسم انور سے متصل ہے، وہ سب سے افضل جگہ ہے، یہاں تک کہ کعبہ معظمہ سے بھی، بلکہ عرش سے بھی افضل ہے۔

حضرت علامہ علی قاری رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں:

”ونقل القاضي عياض وغيره الإجماع على تفضيل ما ضم الأعضاء الشريفة حتى على الكعبة المنيفة، وأن الخلاف فيما عداه. ونقل عن أبي عقيل الحنبلي أن تلك البقعة أفضل من العرش“

ترجمہ: اور علامہ قاضی عیاض وغیرہ نے اس پر اجماع نقل کیا ہےکہ وہ حصہ، جو حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ و سلم کے اعضائے شریف سے ملا ہوا ہے، وہ سب سے افضل ہے یہاں تک کہ کعبہ معظمہ سے بھی، اور یہ کہ اختلاف اس کے علاوہ میں ہے، اور ابو عقیل حنبلی سے منقول ہے کہ وہ حصہ عرش سے بھی افضل ہے۔ (مرقاة المفاتيح، جلد 2، صفحہ 588، مطبوعہ: بیروت)

سیدی اعلی حضرت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن نے ارشاد فرمایا: ”تُربت اطہر یعنی وہ زمین کہ جسم انور سے متصل ہے کعبہ معظمہ بلکہ عرش سے بھی افضل ہے، صرح بہ عقیل الحنبلی وتلقاہ العلماء بالقبول (ابو عقیل حنبلی نے اس کی تصریح فرمائی ہے اور علما نے اسے قبول کیا۔) باقی مزار شریف کا بالائی حصہ اس میں داخل نہیں۔ (فتاوی رضویہ، جلد  10، صفحہ  711، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا اعظم عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4729
تاریخ اجراء: 22 شعبان المعظم 1447ھ/11 فروری 2026ء