کیا حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ کی اولاد سید ہے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
کیا جو شخص حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ کی اولاد سے ہو وہ سید ہوگا؟
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
جو شخص حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ کی اولاد سے ہوگا، وہ سید کہلائے گا؟
جواب
حضرت سیدنا زید بن حارثہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ یقیناً جلیل القدر صحابی رسول ہیں اور آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو یہ شرف حاصل ہے کہ حضور جانِ عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہ وسلم نے آپ کو منہ بولا بیٹا فرمایا، تاہم حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم کا یہ فرمانِ عالی اعزازاً تھا، نیز آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے نسبی بیٹے نہیں ہیں اسی لئے آپ کی اولاد سادات یعنی آلِ رسول شمار نہیں ہوتی۔ ساداتِ کرام یعنی آلِ رسول صرف حضراتِ حسنین کریمین یعنی حضرت سیدنا امام حسن اور حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہما کی ہی اولاد ہے اور جمیع آلِ رسول کا نسب ان دو مبارک ہستیوں سے ہی چل رہا ہے۔
اعلیٰ حضرت امام اہلسنت امام احمد رضا خان علیہ الرحمہ فرماتے ہیں: ”سبطین کریمین (حضرات حسنین کریمین رضی اللہ عنہما) کی اولاد سیّد ہیں۔“ (فتاوی رضویہ، جلد 13، صفحہ 361، رضا فاؤنڈیشن لاہور)
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا جمیل احمد غوری عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: Web-2361
تاریخ اجراء: 11 محرم الحرام 1447ھ/07 جولائی 2025ء