logo logo
AI Search

کیا عالم کا چہرہ دیکھنا عبادت ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

جس روایت میں عالم کا چہرہ دیکھنے کوعبادت کہا گیا، اس کا حوالہ

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اِس بارے میں کہ کیا یہ بات عالم کا چہرہ دیکھنا عبادت ہے کسی حدیث میں ہے؟

جواب

قرآن وحدیث میں علم و علما کے متعدد فضائل بیان کئے گئے ہیں، اُنہی فضائل میں سے عالمِ دین کی ایک فضیلت یہ ہے کہ صحیح العقیدہ عالمِ دین کا چہرہ دیکھنا عبادت ہے۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے

خمس من العبادة: قلة الطعم و القعود في المساجد، و النظر إلى الكعبة، و النظر في المصحف۔۔۔ و النظر فی وجه العالم

ترجمہ: پانچ چیزیں عبادت میں شامل ہیں: کم کھانا، مسجد میں بیٹھنا، کعبہ کو دیکھنا، قرآن مجید کو دیکھنا اور عالم کے چہرے کو دیکھنا۔ (الفردوس بماثور الخطاب، جلد 2، صفحه 195، حدیث: 2969، دار الکتب العلمیۃ، بیروت)

الابانۃ الکبری میں حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ

النظر الي الرجل من اهل السنة الذي يدعو الي السنة و ينهي عن البدعة عبادة

ترجمہ: جو صحیح العقیدہ سنی سنتوں کی تبلیغ کرتا ہو اور بدعت سے روکتا ہو، اُس شخص کے چہرے کو دیکھنا عبادت ہے۔ (الابانۃ الکبری لابنِ بطۃ، جلد 1، صفحہ 343، مطبوعہ: الریاض)

مفتی احمد یار خان نعیمی علیہ الرحمۃ مراۃ المناجیح میں فرماتے ہیں: چند چیزوں کا دیکھنا عبادت ہے قرآن کریم، کعبہ معظمہ، عالم دین کا چہرہ، ماں باپ کو شفقت کی نظر سے دیکھنا اور حضور انور صلی اللہ علیہ و سلم کا دیکھنا تو بڑ ی ہی عبادت ہے کہ اس سے مؤمن صحابی بن جاتاہے۔ (مراۃ المناجیح، جلد 3، صفحہ 254، نعیمی کتب خانہ، گجرات)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مفتی محمد سجاد عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4799
تاریخ اجراء: 12 رمضان المبارک 1447ھ / 02مارچ 2026ء