logo logo
AI Search

کیا نبی پاک ﷺ نے مرغی اور انڈہ کھایا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

کیا مرغی اور انڈہ کھانا نبی پاک صلی اللہ علیہ و اٰلہٖ و سلم سے ثابت ہے؟

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا کوئی ایسی حدیث پاک ہے کہ جس میں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سے مرغی اور انڈہ کھانا ثابت ہو؟

جواب

ہمارے آخری نبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم سے جو غذائیں کھانا ثابت ہے، اس میں مرغ کا تذکرہ صراحتاً موجود ہے، لیکن انڈہ کھانے سے متعلق کوئی روایت تلاش کے باوجود نظر سے نہیں گزری۔ مگر مرغی کے انڈے کھانا شرعا ً جائز و حلال ہے۔

مشکوٰۃ المصابیح میں بحوالہ صحیحین حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، فرماتے ہیں:

رأيت رسول اللہ يأكل لحم الدجاج

یعنی میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کو مرغ کا گوشت کھاتے دیکھا۔ (مشکوۃ المصابیح مع مرقاۃ المفاتیح، جلد 8، صفحہ 40، دار الکتب العلمیۃ، بیروت)

مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ مذکورہ حدیث کی شرح میں لکھتے ہیں: دجاج نَر و مادہ دونوں کو کہتے ہیں، دیك فقط نر مرغ کو۔ یہاں مرقات نے فرمایا کہ فقراء کو مرغیاں پالنا چاہیے اور اغنیاء بکریاں پالیں اور یہاں انہوں نے عجیب عجیب حکایات نقل کیں۔ بہرحال اس حدیث سے دو مسئلہ معلوم ہوئے: ایک یہ کہ مرغ حلال ہے۔ دوسرے یہ کہ مرغ کھانا تقویٰ کے خلاف نہیں، اللہ دے تو اعلیٰ نعمتیں بھی کھاؤ مگر اپنے کو مزیدار غذاؤں کا عادی نہ بناؤ اپنی طبیعت کو ہر طرح کا عادی رکھو۔ (مراۃ المناجیح، جلد 5، صفحہ 663، نعیمی کتب خانہ، گجرات)

سیرتِ مصطفیٰ میں ہے: آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم نے بکری، دنبہ، بھیڑ، اونٹ، گورخر، خرگوش، مرغ، بٹیر، مچھلی کا گوشت کھایا ہے۔ اسی طرح کھجور اور ستو بھی بکثرت تناول فرماتے تھے۔ تربوز کو کھجور کے ساتھ ملا کر، کھجور کے ساتھ ککڑ ی ملا کر، روٹی کے ساتھ کھجور بھی کبھی کبھی تناول فرمایا کرتے تھے۔ انگور، انار وغیرہ پھل فروٹ بھی کھایا کرتے تھے۔ (سیرت مصطفی، صفحہ 586، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

و اللہ اعلم عزوجل و رسولہ اعلم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم

مجیب: مولانا عابد عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: Web-1976
تاریخ اجراء: 13ربیع الآخر1446ھ/17اکتوبر2024ء