کیا جائفل کھا سکتے ہیں؟
جائفل کھانے کا حکم
دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
کیا جائفل حلال ہے؟
جواب
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
جائفل ایک خشک مصالحہ ہے، جو کھانوں میں ذائقہ بڑھانے، خوشبو دینے، اور کبھی کبھی طبی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے، اس کا زیادہ استعمال کرنے سے نشہ پیدا ہوتا ہے، جبکہ قلیل مقدار جیسا کہ عموما کھانے وغیرہ میں ڈال کر استعمال کیا جاتا ہے، اس سے نشہ پیدا نہیں ہوتا، لہٰذا کھانے وغیرہ میں جائفل کی قلیل مقدار استعمال کر سکتے ہیں، اس میں کوئی حرج نہیں ہے کہ قلیل مقدار میں استعمال کرنے سے نشہ نہیں ہوتا، ہاں! اتنی کثیر مقدار میں استعمال کرنا کہ جس سے نشہ پیدا ہو، یہ جائز نہیں۔
حدیث شریف میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و الہ و سلم نے ارشاد فرمایا:
کُلّ مُسکِرٍ حرامٌ
ترجمہ: ہر نشہ دینے والی چیز حرام ہے۔ (سنن ابو داؤد، جلد 3، صفحہ 328، حدیث: 3685، الناشر: المكتبة العصرية، صيدا - بيروت)
حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ”جو چیز بھی نشہ دے، پتلی ہو جیسے شراب، خشک ہو جیسے افیون، بھنگ، چرس وغیرہ، وہ حرام ہے حتٰی کہ اگر زعفران زیادہ کھانے سے نشہ ہو جائے، تو اس کا بھی یہ ہی حکم ہے۔ اس پر تمام مسلمانوں کا اجماع ہے۔“ (مراٰۃ المناجیح، جلد 5، صفحہ 329، نعیمی کتب خانہ گجرات)
رد المحتار میں ہے:
(جوزة الطيب) و كذا العنبر و الزعفران۔۔۔ فهذا كله و نظائره يحرم استعمال القدر المسكر منه دون القليل كما قدمناه
ترجمہ: جائفل، اسی طرح عنبر اور زعفران۔ یہ سب اور اس طرح کی دوسری چیزوں کا اس قدر استعمال کرنا کہ جس سے نشہ ہو، حرام ہے۔ قلیل مقدار کہ جس سے نشہ نہ ہو، حرام نہیں۔ جیسا کہ پہلے گزر چکا۔ (رد المحتار، جلد 06، صفحہ 458، دار الفکر بیروت)
حاشیہ طحطاوی میں ہے:
و نقل أن جوزة الطيب تحرم لكن دون حرمة الحشيشة ، و صرح ابن حجر المكي بتحريم جوزة الطيب بإجماع الأئمة الأربعة و لعل حكاية الإجماع محمولة على حالة السكر، أما القليل منها و من كل مسكر ما عدا الخمر و نحوه فتعاطيه لا يحرم عند الإمام و الثاني إذا لم يسكر
ترجمہ: منقول ہے کہ جائفل حرام ہے لیکن اس کی حرمت حشیش (گانجا) کی حرمت سے کم ہے، ابن حجر مکی علیہ الرحمۃ نے جوزة الطيب (جائفل) کے حرام ہونے پر ائمہ اربعہ کے اجماع کی صراحت کی ہے، شاید اجماع کی حکایت نشہ کی حالت پر محمول ہے، تاہم، جائفل کا تھوڑا استعمال، اور خمر وغیرہ کے علاوہ ہر وہ چیزجو سکر (نشہ) پیدا کرنے والی ہے، امام اعظم ابو حنیفہ اور امام ابو یوسف رحمۃ اللہ علیھما کے نزدیک جب تک وہ نشہ نہ دیں، ان کا استعمال حرام نہیں ہے۔ (حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح، جلد 01، صفحہ 665، دار الکتب العلمیۃ بیروت)
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد شفیق عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-3550
تاریخ اجراء: 08شعبان المعظم 1446ھ/07 فروری 2025ء