
مجیب:مولانا سید مسعود علی عطاری مدنی
فتوی نمبر:Web-1974
تاریخ اجراء:06ربیع الآخر1446ھ/10اکتوبر2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
اگرکوئی شخص کسی سے کہے کہ فلاں چیز بازار سے خرید لاؤ، جتنے کی چیز آئے گی میں وہ رقم ادا کردوں گا، توکیا بازار سے چیز لانے والا شخص اس کو بتائے بغیر یہ سوچ کرکہ بازار جانے میں میرا وقت بھی لگا ہے چل پِھر کر ڈھونڈنا پڑا ہے اس میں سے اپنا پروفٹ رکھتے ہوئے کچھ رقم زیادہ بتا سکتا ہے تاکہ محنت وصول ہو جائے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت میں بغیر طے کئے اور بغیر بتائے پرافٹ کے نام پر اس شخص کا قیمت سے کچھ زائد رقم بتا کر لینا جائز نہیں۔ ہاں اگر کمیشن لینا ہے، تو پھر معروف کمیشن کے مطابق پہلے طے کرنا ہوگا ، پھر طے شدہ رقم لے سکے گا۔
وکیل کو جو مال دیا جاتا ہے وہ امانت ہوتا ہے چنانچہ مجلۃ الاحکام العدلیہ میں ہے: ’’المال الذي قبضه الوكيل بالبيع والشراء وإيفاء الدين واستيفائه وقبض العين من جهة الوكالة في حكم الوديعة في يده‘‘ یعنی وہ مال جسے وکیل نے وکالت کے طور پر خرید و فروخت، دین کی ادئیگی یا وصولی اور عین پر قبضے کے ذریعے حاصل کیا وہ وکیل کے قبضے میں ودیعت کے حکم میں ہے۔(مجلہ الاحکام العدلیہ، صفحہ284، مطبوعہ کراچی)
مجلۃ الاحکام میں ہے: ”اذا شترطت الاجرۃ فی الوکالۃ و اوفاھا الوکیل یستحقھا و ان لم تشترط و لم یکن الوکیل ممن یخدم بالاجرۃ یکون متبرعا ولیس لہ مطالبتہ باجرۃ۔“ یعنی جب وکالت میں اجرت مشروط ہو اور وکیل نے وہ کام پورا کردیا، تو اجرت کا مستحق ہوجائے گا اور اگر اجرت مشروط نہیں تھی اور وکیل بھی ان افراد میں سے نہیں جو اجرت کے بدلے کام کرتے ہیں، تو اب کام کرنے میں متبرع ہوگا ،لہٰذا اس کے لئے اجرت کے مطالبہ کا اختیار نہیں۔(مجلۃ الاحکام مع شرح لخالد اتاسی، جلد4، صفحہ415، دار الکتب العلمیۃ، بیروت)
وکیل بنانے کے متعلق بہار شریعت میں ہے:”وکالت کے یہ معنی ہیں کہ جو تصرف خود کرتا ،اُس میں دوسرے کو اپنے قائم مقام کر دینا۔“(بہار شریعت، جلد2، صفحہ974، مکتبۃ المدینہ کراچی)
وکیل کو جو مال دیا جاتا ہے وہ امانت ہے چنانچہ بہارشریعت میں ہے: ’’وکیل یا مضارب کو جو مال دیا جاتا ہے وہ امانت ہے۔‘‘(بہارشریعت، جلد3، صفحہ711،مکتبۃ المدینہ کراچی)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
آب ِزمزم کی خریدوفروخت جائز ہے ،یا نہیں ؟
پلاٹ خرید کر والد کے نام کردیا مگرابھی تک قبضہ نہیں دیا اب پلاٹ کس کی ملک ہے؟
جانوروں کی شکل والے کھلونے خریدنا بیچنا کیسا؟
جس دکاندار نے جمعہ کی نماز نہ پڑھی ہو اس سے خریداری کرنا کیسا ؟
جرمانے کی شرط کے ساتھ قسطوں پر خریداری کرنا کیسا؟
جس سے ادھار خریدا اسے آدھا نفع دینا کیسا ہے؟
گاڑی ادھار بیچ کر واپس خریدنا جائز ہے یانہیں؟
اوور بلنگ کرنا کیسا ؟