مسافر قصر نماز کس جگہ سے شروع کریگا؟

مسافر نماز میں قصر کس مقام سے شروع کرے گا؟

دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

جب شرعی سفر کی نیت سے سفر کے لیے روانہ ہوں، تو کب سے قصر نماز پڑھی جائے گی؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

مسافت شرعی کے ارادے سے نکلنے والا قصرکی ابتداء اس وقت سےکرے گا جب بستی کی متصل آبادی سے باہر ہو جائے، شہر میں ہے تو شہر کی متصل آبادی سے، گاؤں میں ہے تو گاؤں کی متصل آبادی سے اور شہر والے کے لیے یہ بھی ضرور ہے کہ شہر کے آس پاس جو آبادی شہر سے متصل ہے اس سے بھی باہر ہو جائے۔ اسی طرح فنائے شہر یعنی شہر سے باہر جو جگہ شہر کے کاموں کے لیے ہو مثلاً قبرستان، گھوڑ دوڑ کا میدان، کوڑا پھینکنے کی جگہ اگر یہ شہر سے متصل ہو تو اس سے باہر ہو جانا ضروری ہے۔ اور اگرشہر و فنا کے درمیان فاصلہ ہو تو نہیں۔ اور فاصلے سے مرادیہ ہے کہ درمیان میں کھیتی ہو یا جگہ خالی ہے توکم ازکم 300 شرعی گز(دوسرے لفظوں میں 300 قدم) کی مقدار ہو۔ اور فنائے شہر سے جو گاؤں متصل ہے شہر والے کے لیے اس گاؤں سے باہر ہو جانا ضرور نہیں۔ اور آبادی سے باہر ہونے سے مراد یہ ہے کہ جدھر جا رہا ہے اس طرف آبادی ختم ہوجائے اگرچہ اس کی محاذات میں دوسری طرف ختم نہ ہوئی ہو۔

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد نوید چشتی عطاری مدنی

فتویٰ نمبر: WAT-275

تاریخ اجراء: 21 ربیع الآخر 1443ھ / 27 نومبر 2021ء