Jis Ka Apna Aqiqah Na Howa Ho Kiya Wo Apne Bachon Ka Aqiqah Kar Sakta Hai?
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
جس کا اپنا عقیقہ نہ ہوا ہو کیا وہ اپنے بچوں کا عقیقہ کرسکتا ہے؟
دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ ہمارے خاندان میں یہ مشہور ہے کہ جس کا اپنا عقیقہ نہ ہوا ہو وہ اپنے بچوں کا بھی نہیں کر سکتا کیا اس کی کچھ حقیقت ہے یا نہیں؟
سائل: نصیر احمد (بلدیہ ٹاؤن کراچی)
جواب
یہ غلط ہے اس کی کوئی حقیقت نہیں۔ حکم شرعی یہ ہے کہ جس کا اپنا عقیقہ نہ ہوا ہواس کے لئے بھی اپنے بچوں کا عقیقہ کرنا مستحب امر ہے۔ اولاد اپنے والدین کے لئے نعمت ہے لہذا اگر کسی کاعقیقہ نہیں ہوا ہوتو وہ اس کے والدین نے اپنا شکرانہ ادا نہیں کیا، اور اس بناء پر اب اس کو اپنے بچوں کے شکرانے میں عقیقہ کرنے سے منع کیوں کیا جائے گا، اور عقیقہ نہ کرنے میں نقصا ن یہ ہے کہ بچہ اگر سات دن کا ہوا ہو، اور والد کو عقیقہ کی استطاعت بھی ہے مگر پھر بھی عقیقہ نہ کیا تو بچے کے فوت ہونے کی صورت میں والدین اس کی شفاعت سے محروم ہوں گے۔
اور جو افراد بڑے ہوچکے ہیں ان کا عقیقہ نہیں ہوا ہے تو اگر وہ چاہیں توا پنا عقیقہ خود بھی کرسکتے ہیں۔
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد شفیق عطاری مدنی
مصدق: مفتی محمد قاسم عطاری
فتویٰ نمبر: Aqs-875
تاریخ اجراء: 29 محرم الحرام 1438ھ / 31 اکتوبر 2016ء