
مجیب:مولانا ذاکر حسین عطاری مدنی
مصدق:مفتی فضیل رضا عطاری
تاریخ اجراء:ماہنامہ فیضانِ مدینہ فروری 2025
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیا فرماتے ہیں علمائےدین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ پچھلے دنوں ہمارے ہاں کافی بارش ہوئی تو ہم نےگھر میں رکھے ہوئے فارغ ڈرم میں بارش کا پانی بھرلیا کہ وضو وغیرہ میں استعمال کریں گے اور پھر ہم استعمال بھی کرتے رہے، ایک دن جب میں فجر کی نماز کے بعد واپس آیا تو بچوں کی امی نے پوچھا کہ آپ نے وضو کس پانی سے کیا؟ میں نے بتایا کہ ڈرم کے پانی سے،تو انہوں نے بتایا کہ رات کو میں نے غلطی سے بے وضو ہاتھ اس میں دھو لیے تھے، آپ سوئے ہوئے تھے تو اس وقت نہیں بتایا، یہی ذہن تھا کہ جب فجر میں اٹھیں گے تو بتادوں گی۔اس صورت میں میری فجر کی نماز ہوئی یا نہیں؟
نوٹ: ڈرم دہ در دہ سے چھوٹا ہے اوربچوں کی والدہ اگرچہ عام عورتوں کی طرح شرعی معاملات میں کوتاہی کرجاتی ہیں مگر ان کی اس بات پر میرا بھی غالب گمان یہ ہے کہ وہ درست کہہ رہی ہے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
دہ در دہ سے کم پانی میں بے وضو شخص کا بے دھلا ہا تھ پڑ جائے تو وہ پانی مستعمل ہوجاتا ہے اور مستعمل پانی صحیح مذہب کے مطابق خود اگرچہ پاک ہے مگر اس میں نجاستِ حکمیہ دور کرنے کی صلاحیت نہیں ہوتی،اس لیے اس سے وضو و غسل نہیں ہوتا۔ نیز پانی وضو و غسل کے قابل ہے یا نہیں؟ اس خبر کا تعلق دینی امور سے ہے اور اس میں ایک عادل شخص کی خبر معتبر ہوتی ہے اگرچہ عورت ہو اور اگر خبر دینے والا فاسق یا مستور الحال ہو یعنی عادل ہے یا نہیں، اس کا علم نہ ہوتو اس صورت میں اس کی بات پر تحری کرنے کا حکم ہے، اگر دل اس بات پر جمے کہ وہ درست کہہ رہا ہے تو اس کی بات پر عمل کیا جائے گا۔
اس تفصیل کے مطابق صورت مسئولہ میں بھی چونکہ آپ کا غالب گمان یہ ہے کہ وہ درست کہہ رہی ہے تو اس کی خبر معتبر ہے اور آپ نماز دوبارہ پڑھیں گے کیونکہ اس خبر کے مطابق آپ نے جو وضو کیا وہ مستعمل پانی سے کیا اور مستعمل پانی سے وضو نہیں ہوتا۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
وضو میں عورتیں سرکا مسح کس طرح کریں؟
ڈبلیو سی کا رخ شمال کی طرف رکھنا کیسا؟
مخصوص ایام میں معلمہ قرآن کی تعلیم کیسے دے؟
کیا ایام مخصوصہ میں ایک کلمے کی جگہ دوکلمات پڑھائے جاسکتے ہیں؟
جو پانی حالت حمل میں پستان سے نکلے پاک ہے یا ناپاک؟
خون کی نمی کپڑوں پر لگ جاتی ہے نماز جائز ہےیانہیں؟
شرمگاہ پر نجاست کی تری ظاہر ہونےسے وضو ٹوٹے گا یا نہیں؟
لال بیگ پانی میں مرجائے تو پانی پا ک ہے یا ناپاک؟