خشک آنکھوں سے بہنے والے پانی کا کیا حکم ہے؟

Dry Eyes (خشک آنکھوں) سے بہنے والےپانی کاحکم

مجیب:ابو شاھد مولانا محمد ماجد علی عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-3633

تاریخ اجراء:11رمضان المبارک1446ھ/12مارچ2025ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میری آنکھوں سے پانی بہتا ہے،ڈاکٹر کو چیک کروایا ہے تو  اس نے بتایا ہے کہ کوئی انفیکشن نہیں ہے اور نہ ہی کوئی اور مسئلہ ہے۔بس Dry Eyesہے۔تو کیا اس صورت میں  آنکھوں سے نکلنے والا پانی ناپاک ہوگا یا پاک؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   پوچھی  گئی صورت میں   اگر فقط Dry Eyes (خشک آنکھوں)کے سبب  پانی نکلتا ہے اور کوئی بیماری وغیرہ نہیں ہے تو یہ نکلنے والا پانی ناپاک  نہیں اورنہ اس کی وجہ سے وضو ٹوٹےگا۔ کیونکہ آنکھ سے نکلنے والا وہ پانی ناپاک اور وضو توڑنے والاہوتا ہے، جو آنکھ سےکسی درد یا بیماری کی وجہ سے نکلے کہ اس میں پیپ وغیرہ نجاستوں کی آمیزش (مکسنگ) کا گمان ہوتا ہے، جبکہ فقط آنکھیں خشک  ہونے کی وجہ سے نکلنے والے پانی کا معاملہ ایسا نہیں، لہٰذا یہ پانی ناپاک بھی نہیں اوراس سے وضوبھی نہیں ٹوٹے گا۔

   بیماری کے سبب بہنے والی رطوبت وضو توڑتی ہے، جیسا کہ غنیۃ المستملی ہے: ”کل ما یخرج من علۃ من ای موضع کان کا لاذن و الثدی و  السرۃ ونحوھا فانہ ناقض علی الاصح لانہ صدید“ یعنی جو بھی پانی بیماری کی وجہ سے بدن کے کسی بھی حصے سےخارج ہو مثلاًکان، پستان،ناف وغیرہ تواصح قول کے مطابق وہ وضو کو توڑنے والا ہے اس لئے کہ وہ زخم کا پانی ہے۔(غنیۃ المستملی، ص 116، مطبوعہ کوئٹہ)

   اگر پانی بغیر کسی بیماری،درد وغیرہ کے نکلے تو وہ پاک ہے اور اس سےوضو بھی نہیں ٹوٹے گا، جیسا کہ تحفۃ الفقہاء میں ہے :و أما إذا كان الخروج من غير السبيلين فإن كان الخارج طاهراً مثل الدمع و الريق و المخاط و العرق و اللبن و نحوها لاينقض الوضوء بالإجماع و إن كان نجساً ينقض الوضوء“ یعنی جب غیر سبیلین سے خارج ہونے والی چیز پاک ہومثلا آنسو، تھوک، رینٹھ، پسینہ، دودھ وغیرہ تو بالاجماع ان چیزوں سے وضونہیں ٹوٹے گا اور اگر ناپاک ہو تو وضوٹوٹ جائے گا۔(تحفة الفقهاء، کتاب الطھارۃ، ج 01، ص 18، دار الكتب العلمية، بيروت)

   بہار شریعت میں ہے "دُکھتی آنکھ سے جو پانی نکلے نَجاست غلیظہ ہے۔"(بہار شریعت، ج 1، حصہ 2، ص 390، مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم