
فتوی نمبر:WAT-3713
تاریخ اجراء:11شوال المکرم 1446ھ/10اپریل2025ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
جب میں وضو کرتی ہوں تو چہرہ دھونے کےلئے جب ہاتھ سے پانی لیتی ہوں اور وہ پانی میں چہرے کی طرف لے جارہی ہوتی ہوں تو پہلے جو پانی میرے چہرے سے ٹپک رہا ہوتاہے وہ نئے پانی کے اندر گر جاتا ہے،تو کیا یہ پانی استعمال شدہ شمار ہوگا، اس سے وضو نہیں ہوگا؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
صورت مسئولہ میں اگر چلو میں اچھا غیر مستعمل پانی،چہرے سے گرنے والےمستعمل پانی کے قطروں کی مقدار سے زیادہ ہے ( اورعموماایساہی ہوتاہے) تو ان قطروں کی وجہ سے اس اچھے پانی میں کوئی فرق نہیں آئے گا،لہذا اس پانی سے وضو اور غسل کر سکتے ہیں۔اور اگر چلو میں اچھا پانی کم ہے اور استعمال شدہ پانی کے قطرے اس سے زیادہ مقدار میں اس میں گرے ہیں یاچلوکااچھاپانی اوراس میں گرنے والے مستعمل پانی کے قطرے دونوں مقدارمیں برابرہیں، تو اب وہ سارا پانی مستعمل ہو گیا اس کو وضو ، غسل یا کسی طہارت کے لیے استعمال نہیں کر سکتے۔ہاں!عام طور پرٹپکنے والا پانی کم ہوتا ہے اور اچھا زیادہ ہوتا ہے ،تواس سے وضو ہوجاتا ہے۔
بحر الرائق میں ہے”اذا اختلط بالمطلق فالعبرۃ للأجزاء فان کان الماء المطلق اکثر جاز الوضوء بالکل وان کان مغلوبا لایجوز“ترجمہ: جب مستعمل پانی ،اچھے پانی کے ساتھ مل جائےتو اس وقت اجزاء کا اعتبار ہوگا، لہذا اگراچھا پانی زیادہ ہےتو اس سارے پانی کے ساتھ وضو جائز ہے اور اگر اچھا پانی مغلوب ہے تو وضو جائز نہیں ۔ (البحر الرائق،کتاب الطھارۃ،ج 1،ص 73، دار الكتاب الإسلامي)
رد المحتار میں ہے” وإن لم يكن المطلق أكثر، بأن كان أقل أو مساويا لا يجوز“ترجمہ:اوراگر مطلق پانی زائد نہ ہویوں کہ نصف سے کم یا برابر ہو تو پھر اس سے طہارت حاصل کرنا جائز نہیں۔( رد المحتار،ج 1،ص 182،دار الفکر،بیروت)
صدر الشریعہ بدر الطریقہ مولانا مفتی امجد علی اعظمی علیہ رحمۃ اللہ القوی فرماتے ہیں: مستعمل پانی اگر اچھے پانی میں مل جائے مثلا وضو یا غسل کرتے وقت قطرے لوٹے یا گھڑے میں ٹپکے تو اگر اچھا پانی زیادہ ہے تو یہ وضو اور غسل کے کام کا ہے ورنہ سب بیکار ہوگیا۔پانی میں ہاتھ پڑ گیا یا اور کسی طرح مستعمل ہو گیا اور یہ چاہیں کہ یہ کام کا ہو جائے تو اچھا پانی اس سے زیادہ اس میں ملا دیں ۔(بہار شریعت ،جلد1 ،حصہ2، ص334،مکتبۃ المدینہ)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
وضو میں عورتیں سرکا مسح کس طرح کریں؟
ڈبلیو سی کا رخ شمال کی طرف رکھنا کیسا؟
مخصوص ایام میں معلمہ قرآن کی تعلیم کیسے دے؟
کیا ایام مخصوصہ میں ایک کلمے کی جگہ دوکلمات پڑھائے جاسکتے ہیں؟
جو پانی حالت حمل میں پستان سے نکلے پاک ہے یا ناپاک؟
خون کی نمی کپڑوں پر لگ جاتی ہے نماز جائز ہےیانہیں؟
شرمگاہ پر نجاست کی تری ظاہر ہونےسے وضو ٹوٹے گا یا نہیں؟
لال بیگ پانی میں مرجائے تو پانی پا ک ہے یا ناپاک؟