Haiz Ka Khoon Aadat Se Das Din Baad Bhi Jari Raha, To Namazon Ka Hukum ?

 

حیض کا خون عادت سے دس دن بعد بھی جاری رہا، تو نمازوں کا حکم؟

مجیب:مولانا عابد عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1952

تاریخ اجراء:06ربیع الثانی1446ھ/10اکتوبر2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میری عادت حیض کے حوالے سےسات دن ہے، لیکن اس بار سات دن پر حیض نہیں رکا بلکہ 13 دن ہوگئے خون بند نہیں ہوا، میں نے دس دن پورے ہونے کے بعد نماز پڑھنا شروع کر دی ہے ، اس کا کیا حکم ہے؟ نیز اس حالت میں نماز پڑھنے کے لئے ہر بار کپڑے چینج کرنے ہوں گے یا نہیں؟ اور اس دوران پیڈ استعمال کر سکتی ہوں یا نہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   چونکہ پہلے آپ کی عادت مقرر تھی لیکن اس بار عادت والے دن شروع ہونے کے بعد دس دن سے زیادہ جاری رہا ،تو جتنے دن عادت تھی اتنے دن حیض کے شمار ہوں گے اور بقیہ دن استحاضہ  یعنی بیماری کا خون شمار ہوگا۔ لہٰذا جو استحاضہ والی عورت کے احکام ہیں  انہیں پر عمل کرتے ہوئے نماز وغیرہ کا اہتمام کرنا ہوگا اور عادت کے دنوں ( یعنی سات دن) کے بعد کی  جو نمازیں رہ گئیں وہ قضاء پڑھنی ہوں گی۔ عمومی عالات میں جسم اور کپڑوں کو پاک کرنے کے بعد ہی نماز پڑھنی ہو گی، ناپاک کپڑوں یا جسم کے ساتھ نماز پڑھنے کی اجازت نہیں بلکہ اگر خون ایک درہم سے زائد جسم یا کپڑوں پر لگا ہوا ہو تو ایسی نماز ادا ہی نہیں ہو گی کیونکہ نماز کی ادائیگی کے لیے  جسم و کپڑوں کا ظاہری نجاست سے پاک ہونا ضروری ہے ۔  ہر بار کپڑےتبدیل  کریں یا پیڈ استعمال کریں یا کوئی دوسرا مناسب طریقہ اختیار کریں ، اس میں کوئی خاص چیز شرعاً  لازم نہیں ، بس پاکی کا خیال رکھنا لازم ہے ۔

   کتاب"خواتین کے مخصوص مسائل" میں ہے: ”اگر عورت کو پہلے بھی حیض آچکا ہے لیکن اس بار عادت والے دن شروع ہونے کے بعد دس دن سے زیادہ جاری رہا تو جتنے دن اس عورت کی عادت تھی اتنے دن حیض کے شمار ہوں گے اور بقیہ استحاضہ ۔ مثلا ایک عورت کو آخری بار 5 دن حیض آیا تھا لیکن اس بار ان پانچ دنوں کے بعد مزید 7 دن خون آیا یعنی مجموعی طور پر 12 دن خون آگیا تو ان بارہ میں سے 5 دن حیض اور بقیہ 7 دن استحاضہ کے ہوں گے۔ “( خواتین کے مخصوص مسائل ،صفحہ57،مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم