حضرت جبرائیل علیہ السلام کے پر اور انبیاء سے ملاقات

حضرت جبرائیل علیہ السلام کے کتنے پَر ہیں اور آپ ہر نبی کی بارگاہ میں کتنی مرتبہ حاضر ہوئے؟

دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

حضرت جبرائیل علیہ السلام کے 600 پر ہیں یا 8؟ اور کیا ان کا ایک پر اتنا ہے کہ ساری زمین اس میں سما جائے؟ اور وہ کس نبی کے پاس کتنی بار تشریف لائے؟ یہ بھی رہنمائی فرما دیں۔

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

روایات میں آیا ہے کہ حضرت جبرائیل علیہ السلام کے چھے سو(600) پر ہیں اور ان میں سے ہر ایک اتنا بڑا ہے کہ اس سے افق بھر جائے۔

حضرت جبرائیل علیہ السلام، حضرت آدم علیہ السلام کے پاس 12 بار، حضرت ادریس علیہ السلام کے پاس 4 بار، حضرت نوح علیہ السلام کے پاس 50 بار، حضرت ابراہیم علیہ السلام کے پاس 42 بار، حضرت موسی علیہ السلام کے پاس 400 بار، حضرت عیسی علیہ السلام کے پاس 10 بار اور حضور علیہ الصلوۃ و السلام کے پاس 14 ہزار بار حاضر ہوئے۔

بخاری شریف میں ہے

قال: حدثنا ابن مسعود أنه رأى جبريل، له ستمائة جناح

ترجمہ: زر بن حبیش نے فرمایا: ہمیں حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ نے بیان فرمایا: نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ و الہ و سلم نے جبریل امین علیہ السلام کو دیکھا، ان کے چھ سو (600) پر تھے۔ (صحیح البخاری، جلد 4، صفحہ 115، حدیث: 3232، مطبوعہ مصر)

مسند احمد کی حدیث پاک میں حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے، فرمایا:

رأى رسول الله صلى الله عليه و سلم جبريل في صورته، و له ست مئة جناح، كل جناح منها قد ‌سد ‌الأفق

ترجمہ: نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ و الہ و سلم نے جبریل علیہ السلام کو ان کی صورت میں دیکھا۔ ان کے چھ سو (600) پر تھے۔ ان میں سے ہر پر نے افق کو بھر دیا تھا۔ (مسند احمد، جلد 6، صفحہ 294، حدیث: 3748، مؤسسة الرسالة)

حضرت جبرائیل علیہ السلام کس نبی کے پاس کتنی مرتبہ حاضر ہوئے اس متعلق اللباب فی علوم الکتاب میں ہے

روي أنَّ جبريل - عليه السلام - نزل على آدم - عليه السلام - اثنا عشرة مرة، و على إدريس أربع مرات، و على نوح خمسين مرة، و على إبراهيم اثنتين و أربعين مرة، و على موسى أربعمائة مرة، و على عيسى عشر مرات و على محمد - عليه السلام - أربع عشرة ألف مرة.

ترجمہ: حضرت جبریل امین علیہ السلام حضرت آدم علیہ السلام کے پاس 12 مرتبہ حاضری لائے ، حضرت ادریس علیہ السلام کے پاس 4 مرتبہ، حضرت نوح علیہ السلام کے پاس 50 مرتبہ، حضرت ابراہیم علیہ السلام کے پاس 42 مرتبہ، حضرت موسی علیہ السلام کے پاس 400 مرتبہ،حضرت عیسی علیہ السلام کے پاس 10 مرتبہ اور حضرت محمد صلی اللہ تعالی علیہ و الہ و سلم کی خدمت میں 14 ہزار مرتبہ حاضر ہوئے۔ (اللباب فی علوم الکتاب، جلد 15، صفحہ 79،دار الکتب العلمیۃ، بیروت)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد انس رضا عطاری مدنی

فتویٰ نمبر: WAT-4044

تاریخ اجراء: 27 محرم الحرام 1447ھ / 23 جولائی 2025ء