رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی سب سے پہلی اولاد

نبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی اولادِ پاک میں سب سے پہلے کس کی ولادت ہوئی؟

دارالافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی اولاد پاک میں سے سب سے پہلے، بیٹے کی ولادت ہوئی ہے یا بیٹی کی؟رہنمائی فرمادیں۔

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی مبارک اولاد میں سب سے پہلے آپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کے شہزادے، حضرت قاسم رضی اللہ تعالی عنہ کی ولادت ہوئی، انہی کے نام سے نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی کنیت ”ابوالقاسم“ ہے۔حضرت قاسم رضی اللہ تعالی عنہ کے بعد آپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی پیاری شہزادی، حضرت زینب رضی اللہ تعالی عنھا کی ولادت باسعادت ہوئی۔

امام ابن عساکر”تاریخ دمشق“ میں حضرت عبد اللہ بن عباس سےمروی روایت لکھتے ہیں:

”عن ابن عباس قال كان أول من ولد لرسول اللہ صلى اللہ عليه وسلم بمكة قبل النبوة القاسم وبه كان يكنى“ 

ترجمہ: حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنھما سے مروی ہے، آپ نے فرمایا: کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاں ںسب سے پہلے ولادت حضرت قاسم رضی اللہ تعالی عنہ کی مکہ شریف میں اعلان ِنبوت سے قبل ہوئی، اور انہی کے نام سے آپ کی کنیت ہے۔ (تاریخ دمشق، جلد 3، صفحہ 125، مطبوعہ دار الفکر، بیروت)

اسی طرح الاخوۃ والاخوات للدارَقطنی اور علامہ احمد بن یحیٰی بلاذری (متوفیٰ 279 ھ) کی کتاب ”انساب الاشراف“ میں ہے:

(والنظم للاول ): ‌‌أولاد رسول اللہ صلى اللہ تعالی عليه وآلہ وسلم: فاطمة، و زينب، ورقية، وأم كلثوم ومن الذكور، القاسم وبه كان يكنى وهو أكبر ولده. وعبد اللہ وهو الطيب ويقال له الطاهر۔۔۔وابراھیم ابن رسول اللہ“ 

ترجمہ: نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی اولاد مبارک(شہزادیوں) میں حضرت فاطمہ، زینب، رقیہ اور امکلثوم رضی اللہ عنہن ہیں اور (شہزادوں میں) حضرت قاسم اور انہی کے نام سے آپ کی کنیت ہےاور یہ آپ کی اولاد میں سب سے بڑے ہیں اور حضرت عبد اللہ اور یہی طیب ہیں اور ان کو طاہر بھی کہا جاتا ہے اور حضرت ابراہیم رضی اللہ تعالی عنھم ہیں۔ (الاخوۃ والاخوات، صفحہ 21تا23، مطبوعہ دار الرایہ، ریاض)

حضرت قاسم رضی اللہ عنہ کے بعد سیدہ زینب رضی اللہ عنھا کی ولادت ہوئی، چنانچہ تفسیر در منثور میں آیت ﴿اِنَّ شَانِئَكَ هُوَ الْاَبْتَرُ﴾کے تحت یہ روایت موجود ہے:

”عن ابن عباس قال: كان أكبر ولد رسول اللہ صلى اللہ عليه وسلم القاسم ثم زينب ثم عبد اللہ ثم أم كلثوم ثم فاطمة ثم رقية“

 ترجمہ: حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالی عنھما سے مروی ہے، آپ نے فرمایا کہ:  نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی بڑی اولاد حضرت قاسم ہیں، پھر سیدہ زینب، پھر جناب عبد اللہ، پھر سیدہ ام کلثوم، پھر سیدہ فاطمہ، پھر سیدہ رقیہ ہیں۔ (تفسیر در منثور، جلد8، صفحہ 652، مطبوعہ دار الفکر، بیروت)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد فراز عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-4379

تاریخ اجراء: 04جمادی الاولی1447 ھ/27اکتوبر2025 ء