مسجد کی چھت پر میلاد کا جھنڈا لگانے کا حکم

کیا مسجد کی چھت پر میلاد والا جھنڈا لگا سکتے ہیں؟

دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ مسجد کی چھت پر میلاد والا جھنڈا لگا سکتے ہیں یا نہیں؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

مسجد کی چھت پر میلاد کا جھنڈا لگانا فی نفسہٖ جائز بلکہ بہت مستحسن عمل ہے؛ کہ فی زمانہ یہ دنیا بھر میں اہل سنت کے درمیان رائج ہے، اسے سنیوں کی مسجد ہونے کی علامت سمجھا جاتا اور اچھا گردانا جاتا ہے، اور حدیث پاک کے مطابق جس کام کو مسلمان اچھا جانیں وہ اللہ پاک کے نزدیک بھی اچھا ہوتا ہے۔ نیز شریعت میں اس کی کوئی ممانعت نہیں جو کہ اس کے جواز کے لیے کافی ہے، لہٰذا اس میں کوئی حرج نہیں بلکہ یہ اہل سنت کی شناخت اور محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اظہار کا ایک خوبصورت انداز ہے۔

المستدرک للحاکم، مسند امام احمد، مسند بزار، المعجم الکبیر للطبرانی وغیرہ کی حدیث پاک میں آتا ہے:

و اللفظ للاول ”ما رأى المسلمون حسنا فهو ‌عند ‌الله ‌حسن“

ترجمہ: جس عمل کو مسلمان اچھا جانتے ہوں، وہ اللہ پاک کے نزدیک بھی اچھا ہے۔ (المستدرك على الصحيحين، كتاب معرفة الصحابة، جلد 3، صفحه 84، حدیث 4465، دار الکتب العلمية، بيروت)

علامہ زین الدین بن ابراہیم ابن نجیم مصری رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ (سال وفات: 970 ھ/ 1562 ء) لکھتے ہیں:

الأصل في الأشياء الإباحة حتى يدل الدليل على عدم الإباحة

ترجمہ: تمام چیزوں میں اصل مباح ہونا ہے، یہاں تک کہ (کسی چیز کے متعلق) مباح نہ ہونے کی دلیل قائم ہو جائے۔ (الأشباه و النظائر، الفن الأول القواعد الكلية، صفحہ 56، دار الكتب العلمية، بيروت)

امام اہل سنت اعلی حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ تعالی علیہ (سال وفات: 1340ھ / 1921ء) سے مسجد کی چھت پر اسلامی جھنڈا لگانے کے متعلق سوال ہوا تو آپ نے جواباً فرمایا: ”(مسجد پر جھنڈا لگانے میں مزاحمت) کا اندیشہ نہ ہو تو فی نفسہٖ کوئی حرج نہیں۔“ (فتاوی رضویہ، جلد 8، صفحہ 122، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مفتی محمد قاسم عطاری

فتویٰ نمبر: FAM-760

تاریخ اجراء: 15 ذو القعدة الحرام 1446 ھ / 13 مئی 2025 ء