والدین کے ایصالِ ثواب کے لیے نفل نماز پڑھنا کیسا؟

والدین کے ایصالِ ثواب کے لئے نفل نماز پڑھنا

مجیب:مولانا عابد عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-2005

تاریخ اجراء:01 شعبان المعظم 1446 ھ/31 جنوری 2025 ء

دار الافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   والدین کے ایصالِ ثواب کے لئے نفل پڑھ سکتے ہیں یا نہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

   والدین کے ایصالِ ثواب کی نیت سے نفل نماز  پڑھنا جائزہے کہ قرآن و حدیث اور اقوالِ ائمہ کے مطابق ایصال ثواب ایک   مستحب و مستحسن   عمل ہے۔

   والدین کےایصالِ ثواب کے لئے نماز پڑھنے کے متعلق سیدی اعلیٰ حضرت امام اہلسنت شاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ  فرماتے ہیں: ”ایک صحابی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے حاضرہوکر عرض کی : یارسول اﷲ! میں اپنے ماں باپ کے ساتھ زندگی میں نیک سلوک کرتاتھا اب وہ مرگئے ان کے ساتھ نیک سلوک کی کیا راہ ہے؟ فرمایا: ان من البربعد الموت ان تصلی لھما مع صلٰوتک  و تصوم لھما مع صیامک۔ رواہ الدار قطنی۔ بعدِ مرگ نیک سلوک سے یہ ہے کہ تواپنی نماز کے ساتھ ان کے لئے بھی نماز پڑھے اور اپنے روزوں کے ساتھ ان کے لئے روزے رکھے (اسے دارقطنی نے روایت کیا۔ت) یعنی جب اپنے ثواب ملنے کے لئے کچھ نفلی نمازپڑھے یاروزے رکھے تو کچھ نفل نماز ان کی طرف  سےکہ انہیں ثواب پہنچائے  یانماز، روزہ جونیک عمل کرے ساتھ ہی انہیں ثواب  پہنچنے کی بھی نیت کرلے کہ انہیں ثواب ملے گا  اور تیرا بھی کم نہ ہوگا۔“(فتاوی رضویہ، جلد 24، صفحہ 395، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم