احرام کی چادریں کفن میں استعمال کرنا کیسا؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
احرام کی چادروں کو کفن میں استعمال کرنا
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
احرام کے کپڑوں کو کفن میں استعمال کرنا کیسا؟
جواب
حج و عمرہ میں استعمال شدہ احرام کی پرانی چادروں کا کفن بنانا شرعاً جائز ہے اگرچہ اس احرام کو پہن کر کئی حج و عمرے ادا کئے ہوں، البتہ اگر یہ چادریں میلی ہوچکی ہوں، تو انہیں دھوکر صاف ستھرا کرلینا چاہیے کہ کفن ستھرا ہونا مرغوب و پسندیدہ ہے۔ نیز یہ کپڑے کفن کی مسنون تعداد (مردوں کے حق میں تین اور عورتوں کے حق میں پانچ کپڑوں) سے کم یا زائد نہ ہوں۔
بہارشریعت میں ہے: پُرانے کپڑے کا بھی کفن ہو سکتا ہے، مگر پُرانا ہو تو دُھلا ہوا ہو کہ کفن ستھرا ہونا مرغوب ہے۔ (بہار شریعت، جلد 1، صفحہ 819، مکتبۃ المدینہ، کراچی)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
مجیب: مولانا محمد ماجد علی مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-3309
تاریخ اجراء: 11 جمادی الاولیٰ 1446ھ / 14 نومبر 2024ء