نماز جنازہ کی تکبیروں میں ہاتھ اٹھانے کا حکم

کیا نماز جنازہ کی چاروں تکبیروں میں ہاتھ اٹھائے جائیں گے؟

دارالافتاء اھلسنت)دعوت اسلامی)

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ کیا نمازِ جنازہ میں امام چاروں تکبیروں میں ہاتھوں کو اٹھائے گا ؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

فقہائے احناف کے نزدیک نمازِ جنازہ میں امام و مقتدی سارے فقط پہلی تکبیر یعنی تکبیرِ تحریمہ جو کہ ہر نماز کی افتتاحی تکبیر ہوتی ہے، اُس میں ہی ہاتھوں کو بلند کریں گے، باقی تین تکبیروں میں ہاتھ بلند نہیں کیے جائیں گے۔

چنانچہ تحفۃ الفقہاء میں ہے:

”أجمعوا على أربع تكبيرات۔ ثم إن عندنا لا يرفع يديه إلا في التكبيرة الاولى“

یعنی فقہائے کرام کا اس بات پر اجماع ہے کہ نمازِ جنازہ میں چار تکبیرات ہیں، پھر ہمارے نزدیک نمازی صرف پہلی ہی تکبیر میں اپنے ہاتھوں کو اٹھائے گا۔ (تحفة الفقهاء، کتاب الجنائز، ج 01، ص 249، دار الكتب العلمية، بيروت)

تنویر الابصار مع الدر المختار میں ہے:

”(وهي أربع تكبيرات) كل تكبيرة قائمة مقام ركعة (يرفع يديه في الأولى فقط)“

یعنی نمازِ جنازہ میں چار تکبیریں ہیں، ہر تکبیر ایک رکعت کے قائم مقام ہے، نمازی ان چاروں تکبیروں میں سے فقط پہلی تکبیر میں اپنے ہاتھوں کو اٹھائے گا۔ (الدر المختار علی رد المحتار، کتاب الصلاۃ، باب صلاۃ الجنازۃ، ج 02، ص 212، مطبوعہ بیروت)

فتاوٰی عالمگیری میں ہے:

”ولا يرفع يديه إلا في التكبيرة الأولى في ظاهر الرواية، كذا في العيني شرح الكنز، والامام والقوم فيه سواء، كذا في الكافي“

یعنی ظاہرالروایۃ میں ہےکہ نماز جنازہ پڑھنے والا صرف پہلی تکبیر میں اپنے ہاتھ اٹھائے، اسی طرح کنزکی شرح عینی میں ہے، امام اور مقتدی، دونوں اس معاملےمیں برابر ہیں، یونہی "کافی" میں ہے۔ (فتاوٰی عالمگیری، کتاب الصلاۃ، ج01، ص164، مطبوعہ پشاور)

بہارِ شریعت میں ہے: ” تکبیر و سلام کو امام جہر کے ساتھ کہے، باقی تمام دُعائیں آہستہ پڑھی جائیں اور صرف پہلی مرتبہ اللہ اکبر کہنے کے وقت ہاتھ اٹھائے پھر ہاتھ اٹھانا نہیں۔ (بہارِ شریعت، ج01، حصہ04، ص835، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

مجیب: ابو محمد مفتی علی اصغر عطاری مدنی

فتوی نمبر: Nor-13786

تاریخ اجراء: 27شوال المکرم 1446 ھ/26اپریل 2025  ء