
مجیب:مفتی محمد ہاشم خان عطاری
تاریخ اجراء:ماہنامہ فیضانِ مدینہ مارچ 2025
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ہماری مسجد کے ساتھ گراؤنڈ میں نماز جناز ہ ادا کی جاتی ہے متعدد مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ فرض نماز کی جماعت کے فورا ً بعد یہ اعلان کیا جاتا ہے کہ باہر گراؤنڈ میں نماز جنازہ ہے اس میں شرکت فرمائیں دریافت طلب امر یہ ہے کہ نمازِ ظہر اور مغرب کی بعد والی سنتیں ادا کرنے کے بعد نماز جنازہ پڑھی جائے یا پہلے نماز ِ جنازہ پڑھ کر پھر سنتیں ادا کی جائیں؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
وہ نمازیں جن کے بعد سنتیں ادا کی جاتی ہیں یعنی نمازظہر، مغرب، عشاء اور جمعہ، ان اوقات میں اگر جنازہ حاضر ہو اور جماعت تیار ہو تو مفتٰی بہ قول کے مطابق فرائض کے بعد پہلے سنتیں ادا کر لینی چاہئیں پھر نماز ِ جنازہ ادا کی جائے۔ البتہ اگر نماز جنازہ سنتوں کے بعد ادا کرنے کی صورت میں میت کا جسم خراب ہونے یا پھول پھٹ جانے کا اندیشہ ہو تو اب نمازِ جنازہ پہلے پڑھ لینی چاہیے۔ بلکہ ایسی صورت میں اگر فرض نماز کے وقت میں بھی گنجائش ہو تو نمازِ جنازہ کو فرض سے بھی پہلے ادا کیا جائے۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم