نابالغ کا دوسرے نابالغ کو عیدی دینا
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
نابالغ سمجھدار کا دوسرے نابالغ کو اپنے پیسوں سے عیدی دینا
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں، کہ نابالغ سمجھدار لڑکا، جس کی عمر تقریباً آٹھ سال ہے، کیا وہ اپنے نابالغ بھانجے (جو ابھی چند دن کا ہے) کو، اپنی ذاتی رقم سے، عیدی وغیرہ دے سکتا ہے ؟
جواب
نابالغ اگرچہ سمجھدار ہو، اپنی ذاتی رقم سے کسی کو عیدی وغیرہ گفٹ نہیں دے سکتا؛ کیونکہ نابالغ، ہبہ (گفٹ) کرنے کا اہل نہیں۔ اگر کرے گا تو اس کا یہ ہبہ باطل ہو گا، حتی کہ اس کا والد یا ولی بھی اس کا مال کسی کو ہبہ (گفٹ) نہیں کر سکتا۔
رد المحتار علی الدر المختار میں ہے "و شرائط صحتها في الواهب: العقل و البلوغ و الملك فلا تصح هبة صغير و رقيق" ترجمہ: ہبہ کے صحیح ہونے کے لئے واہب (ہبہ کرنے والا) میں ان شرائط کا پایا جانا ضروری ہے: عقل، بلوغت، ملکیت، لہذا نابالغ اور غلام کا ہبہ صحیح نہیں۔ (رد المحتار علی الدر المختار، جلد 8، صفحہ 568، مطبوعہ: کوئٹہ)
احکام الصغار میں ہے "ولوان الصبی۔۔۔ وھب مالہ او تصدق بہ۔۔۔۔فھذہ العقود کلھا باطلۃ لا تتوقف" ترجمہ: اور اگر بچے نے اپنا مال ہبہ کیا یا اسے صدقہ کیا، تو یہ تمام عقود باطل ہیں، موقوف نہیں ہوں گے۔ (احکام الصغار، ص 182، دار الکتب العلمیۃ، بیروت)
باپ کے لیے بھی جائز نہیں کہ وہ نابالغ کے مال کو ہبہ کرے، جیسا کہ درِ مختارمیں ہے "و فیھا: لا یجوز ان یھب شئیاً من مالِ طفلہ ولو بعوض لانھا تبرع ابتداء" ترجمہ: خانیہ میں مذکور ہے کہ باپ کے لئے جائز نہیں، کہ وہ بچے کے مال میں سے کوئی چیز ہبہ کرے، اگر چہ یہ ہبہ بالعوض ہی کیوں نہ ہو، کیونکہ یہ ابتداءً تبرع ہے۔ (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب الھبۃ، ج 08، ص 583، مطبوعہ: کوئٹہ)
بہار شریعت میں ہے "باپ کو یہ جائز نہیں کہ نابالغ لڑکے کا مال دوسرے لوگوں کو ہبہ کردے اگرچہ معاوضہ لے کر ہبہ کرے کہ یہ بھی نا جائز ہے اور خود بچہ بھی اپنا مال ہبہ کرنا چاہے تو نہیں کر سکتا یعنی اُس نے ہبہ کر دیا اور موہوب لہ کو دیدیا اُس سے واپس لیاجائے گا کہ ہبہ جائز ہی نہیں۔" (بہار شریعت، جلد 3، حصہ 14، صفحہ 81، مکتبۃ المدینۃ، کراچی )
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد فراز عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4939
تاریخ اجراء:09 ذو القعدۃ الحرام 1447ھ/27 اپریل 2026ء