احتلام کیا ہے؟
بسم اللہ الرحمن الرحيم
احتلام کسے کہتے ہیں
دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
کیافرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ احتلام کسے کہتے ہیں؟
جواب
مرد یا عورت کو سوتے وقت خواب میں کچھ ایسے مناظر دکھائی دیں جن کی وجہ سے انزال ہوجائے یعنی منی خارج ہو جائے تو خواب کی اس کیفیت کو احتلام کہتے ہیں۔ اس سے غسل لازم ہوجاتا ہے اور اسلامی مہینوں کے اعتبار سے عمر کے پندرہ سال ہونے سے پہلے، جب یہ کیفیت ہو تو لڑکا ہو یا لڑکی،وہ بالغ شمار ہوتے ہیں۔
البحرالرائق میں بیان فرمایا: ”جعل اسما لما يراه النائم من الجماع فيحدث معه إنزال المني غالبا فغلب لفظ الاحتلام في هذا دون غيره من أنواع المنام لكثرة الاستعمال“ ترجمہ: سونے والا نیند کی حالت میں جماع وغیرہ جو دیکھتا ہے جس سے غالب طور پر منی کا اخراج ہوتا ہے، اس کیفیت کا نام احتلام ہے، احتلام کا لفظ کثرت استعمال کی وجہ سے اسی طرح کے خوابوں کیلئے غالب طور پر استعمال ہوتا ہے۔دیگر خوابوں کیلئے یہ لفظ استعمال نہیں ہوتا۔ (البحر الرائق جلد 1، صفحہ 116، مطبوعہ بیروت)
بہارشریعت میں ہے: ”لڑکے کو جب انزال ہوگیا وہ بالغ ہے وہ کسی طرح ہو سوتے میں ہو جس کو احتلام کہتے ہیں یا بیداری کی حالت میں ہو۔“ (بہارشریعت جلد 3، حصہ 15، صفحہ 203، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ کراچی)
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد فراز عطاری مدنی
فتوی نمبر: FatwaQA-017
تاریخ اجراء: 27 ربیع الاول 1448ھ / 10 ستمبر 2026ء