logo logo
AI Search

کیا اللّٰہ پر جنت یا جہنم دینا لازم ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

بندوں کو ثواب و عذاب دینے یا جنت و جہنم بھیجنے میں کیا اللہ تعالی پر کچھ لازم ہے؟

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

اللہ تعالیٰ کے متعلق اہلسنت کا عقیدہ کیا ہے؟ کیا اللہ تعالٰی پر کچھ لازم ہے؟ کیا اللہ تعالیٰ پر فرض ہے کہ وہ مسلمان کو جنت میں اور کفر کو جہنم میں ڈالے؟ کیا اللہ تعالیٰ پر عدل جاری کرنا فرض ہے؟ ہمارا اس حوالے سے کیا عقیدہ ہونا چاہیے؟

جواب

اہلسنت کا یہ عقیدہ ہے کہ اللہ پاک پر کچھ بھی لازم نہیں، نہ ہی کسی مسلمان کو جنت میں بھیجنا لازم ہے اور نہ ہی کسی کافر کو جہنم میں ڈالنا واجب ہے، یونہی اللہ عزوجل پر ثواب یا عذاب یا بندے کے ساتھ لطف یا اُس کے ساتھ وہ کرنا، جو اُس کے حق میں بہتر ہو، اُس پر کچھ واجب نہیں۔ مالک علی الاطلاق ہے، جو چاہے کرے اور جو چاہے حکم دے، تاہم! اس نے اپنے کرم سے وعدہ فرمالیا ہے کہ مسلمانوں کو جنت میں داخل فرمائے گا، اور کافروں کو عدل کے تقاضے کے مطابق جہنم میں داخل کرے گا، اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

جیسا کہ بہار شریعت میں ہے: اللہ عزوجل پر ثواب یا عذاب یا بندے کے ساتھ لطف یا اُس کے ساتھ وہ کرنا جو اُس کے حق میں بہتر ہو اُس پر کچھ واجب نہیں۔ مالک علی الاطلاق ہے، جو چاہے کرے اور جو چاہے حکم دے، ہاں! اُس نے اپنے کرم سے وعدہ فرما لیا ہے کہ مسلمانوں کو جنت میں داخل فرمائے گا اور بمقتضائے عدل کفّار کو جہنم میں، اور اُس کے وعدہ و وعید بدلتے نہیں اُس نے وعدہ فرمالیا ہے کہ کفر کے سوا ہر چھوٹے بڑے گناہ کو جسے چاہے معاف فرمادے گا۔ (بہار شریعت، جلد 1 صفحہ 25 تا 26، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا اعظم عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4885
تاریخ اجراء: 08 شوال المکرم 1447ھ / 28 مارچ 2026ء