عِشاء نام رکھنا نیز اسکا مطلب

بیٹی کا نام عشاء رکھنا

دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

میری بیٹی پیدا ہوئی ہے، میں اس کا نام "عشاء" رکھنا چاہتا ہوں، اس نام کے کیا معنیٰ ہیں،یہ نام رکھنا کیسا؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

عِشاء (عین کے زیر کے ساتھ) کا معنیٰ ہے: "رات کی ابتدائی تاریکی، مغرب سے مکمل تاریکی تک کا وقت۔"

اور عَشاء (عین کے زبر کے ساتھ) کا معنیٰ ہے: "رات کا کھانا۔"

معنی کے اعتبارسے نام رکھنے کے لیے یہ کوئی موزوں لفظ نہیں ہے ،لہذابہتر یہ ہے کہ بچیوں کے نام صحابیات اور نیک خواتین کے نام پر رکھے جائیں اور بچوں کے نام انبیائے کرام،صحابہ کرام اور بزرگان دین کے ناموں پر رکھے جائیں کہ حدث پاک میں اچھوں کے ناموں پر نام رکھنے کی ترغیب آئی ہے اور امید ہے کہ نیک لوگوں کے نام پر نام رکھنے سے ان کی برکات بچی یا بچے کے شاملِ حال ہوں گی۔

القاموس الوحید میں ہے ”العَشَاءُ: رات کا کھانا (مقابل غداء) ڈنر۔ العِشَاءُ: رات کی ابتدائی تاریکی۔ مغرب سے مکمل تاریکی تک کا وقت۔ (القاموس الوحید، صفحہ 1086، مطبوعہ کراچی)

الفردوس بماثور الخطاب میں ہے

تسموا بخياركم

ترجمہ: اپنے اچھوں کے نام پر نام رکھو۔ (الفردوس بماثور الخطاب، جلد 2، صفحہ 58، حدیث: 2328، دار الكتب العلمية، بيروت)

صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ لکھتے ہیں: ”بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں ، جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں، ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے، امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شاملِ حال ہو۔ (بہار شریعت، جلد 3، حصہ 15، صفحہ 356، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کےلئے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ کتاب نام رکھنے کے احکام کا مطالعہ کیجئے یہ کتاب ڈاؤن لوڈ بھی کی جا سکتی ہے۔

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد ابوبکر عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-4199

تاریخ اجراء: 05ربیع الاول1447ھ/30اگست2025ء