دارالافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)
محمد واجد نام رکھنا کیسا ہے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
"محمد واجد" نام رکھنا درست ہے۔"واجد" کا ایک معنی ہے: ”وہ ذات جو کبھی مفلس و محتاج نہ ہو “ اور ایک معنی ہے "مالدار آدمی" ، "واجد" اگرچہ اللہ پاک کے صفاتی ناموں میں سے ہے، مگر یہ اسمائے مشترکہ یعنی ان ناموں میں سے ہے کہ جس کا مخلوق پر بھی اطلاق جائز ہے، جس کی ایک دلیل یہ ہے کہ اس کاایک معنی "مالدارآدمی" بھی آتا ہے، لہذا یہ نام رکھنےمیں کوئی حرج نہیں اور اس کے ساتھ لفظ محمد لگانے میں بھی حرج نہیں۔
لفظ ”واجد“ کے معنی کے متعلق القاموس الوحید میں ہے ”الواجد: (1) اللہ تعالی کا ایک نام (یعنی وہ غنی ذات جو کبھی مفلس و محتاج نہ ہو) (2) مالدار آدمی“ (القاموس الوحید، صفحہ1814، فیروز سنزز، کراچی)
اسماء الحسنی کے متعلق حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی حدیثِ پاک میں اللہ تبارک وتعالی کا ایک نام ”الواجد (یعنی: وہ غنی ذات جو کبھی مفلس و محتاج نہ ہو)“ بھی مذکور ہے۔ (مشکاۃ المصابیح، جلد2، صفحہ707، حدیث: 2288، المکتب الاسلامی، بیروت)
اعلی حضرت علیہ الرحمۃ کے بھانجے کا نام "واجد علی خاں" تھا، امام اہلسنت الشاہ امام احمد رضا خان علیہ الرحمۃ ایک سوال کے جواب میں فرماتے ہیں: ”حضرت گرامی دامت برکاتہم وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ، فقیر ادھر مبتلائے حوادث رہا، شب بستم ذی الحجہ لیلۃ الثلثاء بعد مغرب میرے حقیقی بھانجے مولوی حافظ واجد علی خاں مرحوم نے دو مہینے کی علالت میں انتقال کیا۔۔الخ“ (فتاوی رضویہ، ج 14، ص 597، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)
جو نام اللہ عزوجل کے ساتھ خاص نہیں ہیں، ان کےمتعلق در مختار میں ہے
”و جا ز التسمیۃ بعلی و رشید و غیرھما من الاسماء المشترکۃ و یراد فی حقنا غیر ما یراد فی حق اللہ تعالی“
ترجمہ: اسما ئے مشترکہ میں سے علی، رشید اور ان کے علاوہ نام رکھنا جائز ہے اور (ان اسماء سے )جو معنی اللہ تعا لیٰ کے لیے مراد لیے جاتے ہیں ہمارے حق میں اس کے علاوہ معنی مراد لیے جائیں گے۔ (الدرالمختار مع ردالمحتار، کتاب الحظر وا لاباحۃ، جلد9، صفحہ689 , 688، مطبوعہ: کوئٹہ)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد فراز عطاری مدنی
فتوی نمبر:WAT-4481
تاریخ اجراء:05جمادی الثانی1447ھ/27نومبر2025ء