شاہ زیب نام کا مطلب اور شاہ زیب نام رکھنا کیسا

بچے کا نام شاہ زیب رکھنا

دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اِس بارے میں کہ ”شاہ زیب“ کا معنی کیا ہے اور کسی بچے کا یہ نام رکھنا کیسا؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

شاہ کا معنی ہےبادشاہ اور زیب کا معنی ہے زینت و خوبصورتی ۔ تو یوں شاہ زیب کا معنی ہوا: زینت و خوبصورتی کا بادشاہ۔ لہذا معنی کے اعتبار سے یہ نام رکھنا جائز ہے۔ البتہ! بہتر یہ ہے کہ بچوں کا نام، انبیائےکرام علیہم الصلوۃ و السلام، صحابہ کرام علیہم الرضوان اور نیک لوگوں کے نام پر رکھا جائے کہ حدیثِ مبارکہ میں اچھوں کے نام پر نام رکھنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ اور امید ہے کہ اس سے ان نیک لوگوں کی برکت بھی بچے کو حاصل ہو گی۔

فیروز اللغات میں ہے"شاہ: بادشاہ۔" (فیروز اللغات، صفحہ 882، مطبوعہ کراچی)

اسی میں ہے "زیب: زینت۔ خوبصورتی۔" (فیروز اللغات، صفحہ 800، مطبوعہ کراچی)

الفردوس بماثور الخطاب میں ہے: تسموا بخياركم

ترجمہ: اپنے اچھوں کے نام پر نام رکھو۔ (الفردوس بماثور الخطاب، جلد 2، صفحہ 58، حدیث: 2328، دار الكتب العلمية، بيروت)

صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ لکھتے ہیں: انبیائے کرام علیہم الصلاۃ و السلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے، امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شاملِ حال ہو۔ (بہار شریعت، جلد 3، حصہ 15، صفحہ 356، مکتبۃ المدینۃ، کراچی)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد سجاد عطاری مدنی

فتویٰ نمبر: WAT-4111

تاریخ اجراء: 16 صفر المظفر 1447ھ / 11 اگست 2025ء