
دارالافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
Zunain(ذونین) نام کا کیا معنی ہے اور یہ نام رکھنا کیسا؟
جواب
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
ذونین ، ذو اور نین دو لفظوں کا مجموعہ ہے۔ذو کا معنی ہے:”مالک ، آقا ، والا ، صاحب“ اور نین کا معنی ہے:”آنکھ ، چشم ، نظر ، نگاہ“ ، تو ذونین کا معنی ہوا:”آنکھوں والا ، صاحبِ نظر ، صاحبِ نگاہ“ ، لہٰذا یہ نام رکھنا جائز و درست ہے۔
البتہ !بہتر یہ ہے کہ اولاً بیٹے کا نام صرف”محمد“رکھیں ، کیونکہ حدیث پاک میں نام محمد رکھنے کی فضیلت اور ترغیب ارشاد فرمائی گئی ہے اور ظاہر یہ ہے کہ یہ فضیلت تنہا نام محمد رکھنے کی ہے۔اور پھر پکارنے کے لیے مذکورہ بالا نام رکھ لیجیے۔اور اس میں بھی بہتر یہ ہے کہ نیک لوگوں کے ناموں میں سے کوئی نام رکھ لیجیے کہ حدیث پاک میں اچھوں کے نام پر نام رکھنے کی ترغیب ارشاد فرمائی گئی ہے۔
"ذو "کے متعلق فیروز اللغات میں ہے"ذو:مالک ، آقا ، والا ، صاحب۔" (فیروز اللغات ، صفحہ 691 ، فیروز سنز،لاھور)
"نین" کے متعلق فیروز اللغات میں ہے:”نین:(1)آنکھ ، چشم (2)نظر ، نگاہ۔“ (فیروز اللغات ، صفحہ 1397 ، فیروز سنز،لاھور)
محمدنام رکھنے کی فضیلت:
کنز العمال میں روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
”من ولد له مولود ذكر فسماه محمدا حبا لي وتبركا باسمي كان هو ومولوده في الجنة“
ترجمہ:جس کے ہاں بیٹا پیدا ہو اور وہ میری محبت اور میرے نام سے برکت حاصل کرنے کے لئے اس کا نام محمد رکھے تو وہ اور اس کا بیٹا دونوں جنت میں جائیں گے۔ (کنز العمال،ج 16،ص 422، مؤسسة الرسالة،بیروت)
رد المحتار میں مذکورہ حدیث کے تحت ہے
” قال السيوطي: هذا أمثل حديث ورد في هذا الباب وإسناده حسن “
ترجمہ: علامہ جلال الدین سیوطی علیہ الرحمۃ نے فرمایا:جتنی بھی احادیث اس باب میں وارد ہوئیں،یہ حدیث ان سب میں بہتر ہے اور اس کی سند حسن ہے۔(رد المحتار علی الدر المختار،کتاب الحظر والاباحۃ،ج 6،ص 417،دار الفکر، بیروت)
الفردوس بماثور الخطاب میں ہے
"تسموا بخياركم "
ترجمہ: اچھوں کے نام پر نام رکھو ۔ (الفردوس بماثور الخطاب، جلد2، صفحہ58، حدیث2328، دار الكتب العلمية ، بيروت)
نوٹ:ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات اور بچوں اور بچیوں کے اسلامی نام حاصل کرنے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی جاری کردہ کتاب "نام رکھنے کے احکام"کا مطالعہ کیجئے۔ نیچے دئیے گئے لنک سے آپ اس کتاب کو ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/naam-rakhnay-kay-ahkam
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا عبدالرب شاکر عطاری مدنی
فتوی نمبر:WAT-3850
تاریخ اجراء: 24ذوالقعدۃ الحرام1446ھ/22مئی2025ء