
دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)
ایک دکان ہے جو کرائے پر نائی کو دی گئی، اس دکان میں گاہک داڑھی منڈوانے بھی آتے ہیں اور نائی ان لوگوں کی داڑھی بھی مونڈتا ہے تو ایسے نائی کو کرائے پر دکان دینا کیسا؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
نائی کو کرائے پر دکان دینا جائز ہے، جبکہ نائی کی دکان پر ہونے والے ناجائز کام جیسے داڑھی مونڈنا یا ایک مشت سے کم کرنا وغیرہ کاموں پر مدد کی نیت نہ ہو ،صرف کرائے پر دکان دینے سے ہی غرض ہوکیونکہ دوکان کرائے پردینااپنی ذات میں کوئی گناہ کاکام نہیں، اب آگے کرائے پرلینے والااگراس میں کوئی گناہ کاکام کرتاہے تواس کاذمہ داروہ خودہے، کرائے پردینے والا اگر اس کے گناہ پر مدد کی نیت نہ کرے تو اس پر اس کا گناہ نہیں آئے گا۔
ہدایہ شریف میں ہے
”من آجر بیتا لیتخذ فيه بیت نار أو کنیسة أو بیعة أو یباع فيه الخمر بالسواد فلا بأس به و ھذا عند أبي حنیفة“
ترجمہ: اگر کوئی شخص کرائے پر اس لیے مکان دے کہ وہاں آتش کدہ، گرجا یا کلیسا بنایا جائے گا یا عوام کو شراب فروخت کی جائے گی تو حضرت امام ابو حنیفہ رحمۃ ﷲ علیہ کے نزدیک اس میں کرائے پر مکان دینے والے کے لئے کوئی حرج نہیں۔ (ھدایہ، جلد4، صفحہ 378، دار احیاء التراث، بیروت)
فتاوی بزازیہ میں ہے
"كل موضع تعلقت المعصية بفعل فاعل مختار كما إذا آجر منزله لیتخذه بيعة أو كنيسة أو بيت نار يطيب له"
ترجمہ: ہر وہ صورت کہ جس میں گناہ کا تعلق بااختیار شخص کے فعل کے ساتھ ہو جیسے کوئی شخص اپنا گھر کسی کو کرائے پردے جس میں وہ عبادت خانہ، گرجا یا آتش کدہ بنائے گا تو اس کے لیے کرایہ حلال ہے۔ (فتاوی بزازیہ، جلد 1، صفحہ 486، مطبوعہ: دار الکتب العملیہ، بیروت)
فتاوی امجدیہ میں تصویر والے کو مسجد کی دکان کرائے پر دینے سے متعلق سوال کے جواب میں لکھا ہے: "اس شخص کو دکان کرایہ پر دی جاسکتی ہے، مگر یہ کہہ کر نہ دیں کہ اس میں تصویر کھینچئے۔ اب یہ اس کا فعل ہے کہ تصویر بناتا ہے اور عذاب آخرت مول لیتا ہے۔ پھر بھی بہتر یہ ہےکہ مسجد کے آس پاس خصوصاً دکانِ مسجد کو محرمات سے پاک رکھیں اور ایسے کو کرایہ پر دیں جو جائز پیشہ کرتا ہو۔"
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد شفیق عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-3924
تاریخ اجراء: 16 ذو الحجۃ الحرام 1446 ھ / 13 جون 2025 ء